Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے عوام مطمئن، کانگریس کی حکومت ہوگی

تلنگانہ کے عوام مطمئن، کانگریس کی حکومت ہوگی

سیما۔ آندھرا میں پارٹی قائدین ذمہ داری: اے پی کانگریس امور کے انچارج ڈگ وجے سنگھ

سیما۔ آندھرا میں پارٹی قائدین ذمہ داری: اے پی کانگریس امور کے انچارج ڈگ وجے سنگھ

حیدرآباد /15 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل دے گی، جب کہ سیما۔ آندھرا میں ایسی کوئی امید نہیں ہے۔ انھوں نے بنگلور کے دورہ کے موقع پر کہا کہ تمام مخالفتوں کے باوجود کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دے کر 60 سالہ قدیم مسئلہ کو حل کیا ہے، جس پر تلنگانہ کے عوام مطمئن ہیں اور عوام نے کانگریس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں پارٹی کی صورت حال کے ذمہ دار خود پارٹی قائدین ہیں، کیونکہ وہ عوام کو سمجھانے میں ناکام رہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے تمام جماعتوں نے ریاست کی تقسیم کی تائید کی، پھر سب سے آخر میں کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی، تاہم لمحہ آخر میں سارے تائید کرنے والے دست بردار ہو گئے، لیکن کانگریس نے اپنا وعدہ پورا کیا۔ انھوں نے اگزٹ پول کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مودی اور این ڈی اے کا گن گا رہا ہے، مگر 16 مئی کو یہ سب کچھ غلط ثابت ہوگا، کیونکہ ماضی میں بھی اگزٹ پول غلط ثابت ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں ہے، کانگریس ایک سیکولر اور اصول پسند جماعت ہے، جو اپنے نظریات اور اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی، لہذا ملک کے عوام کو کانگریس پر بھروسہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے گزشتہ دس برسوں کے دوران ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئی عملی اقدمات کئے ہیں۔ جب ساری دنیا میں معاشی نظام اتھل پتھل تھا، اس وقت بھی ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے عوامی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی قانون بنائے ہیں اور غربت کے خاتمہ پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT