Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے مخالفین میں چندرا بابو کا شمار ، صدر تلگو دیشم پر عوام کو بھروسہ نہیں

تلنگانہ کے مخالفین میں چندرا بابو کا شمار ، صدر تلگو دیشم پر عوام کو بھروسہ نہیں

تشکیل تلنگانہ میں تاخیر کے بابو ذمہ دار ، ٹی آر ایس قائد این نرسمہا ریڈی کی تنقید

تشکیل تلنگانہ میں تاخیر کے بابو ذمہ دار ، ٹی آر ایس قائد این نرسمہا ریڈی کی تنقید

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ میں پارٹی کو بچانے کیلئے عوام سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائد اور سابق وزیر ایم نرسمہا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم اور چندرا بابو نائیڈو کا شمار تلنگانہ کے مخالفین میں ہوتا ہے لہذا تلنگانہ عوام ان کی باتوں اور وعدوں پر بھروسہ کرنے والے نہیں۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تشکیل تلنگانہ میں تاخیر کے اہم ذمہ دار ہیں۔ ڈسمبر 2009 ء میں مرکزی وزیر داخلہ چدمبرم نے تلنگانہ کے حق میں اعلان کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے سیما آندھرا عوامی نمائندوں کے استعفیٰ کا ڈرامہ کرتے ہوئے رکاوٹ پیدا کردی۔ اس کے بعد ہی چندرا بابو نائیڈو مسلسل تلنگانہ کی مخالفت کرتے رہے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تائید میں چندرا بابو نائیڈو کا مکتوب محض ایک دکھاوا تھا کیونکہ انہیں تشکیل تلنگانہ کا یقین نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم صدر نے مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے علاقائی جماعتوں کے قائدین کو تلنگانہ کی مخالفت کرنے کا مشورہ دیا۔ جس وقت پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پر مباحث جاری تھے ، چندرا بابو نائیڈو پارلیمنٹ کے احاطہ میں موجود تھے اور بی جے پی قائدین کو بل کی مخالفت کیلئے اصرار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی جماعتوں کا تلنگانہ سے مکمل صفایا ہوجائے گا اور چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کے علاقوں میں لاکھ مہم چلائیںلیکن ان کے امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ پائے گی ۔ تلنگانہ بھون میں آج شیخ پیٹ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نرسمہا ریڈی نے تلنگانہ میں بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے سے متعلق چندرا بابو نائیڈو کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کی اس طرح تیقنات دیئے جارہے ہیں۔ تلگو دیشم دور حکومت میں پسماندہ طبقات سے انصاف نہیں کیا گیا لیکن اب ان سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کو تلگو دیشم نے دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اصرار پر ہی ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ذریعہ ہی تلنگانہ کی ترقی اور تعمیر نو ممکن ہے۔

TOPPOPULARRECENT