Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے مسائل پر مرکزی حکومت سے نمائندگی

تلنگانہ کے مسائل پر مرکزی حکومت سے نمائندگی

دورہ دہلی کامیاب رہا ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کا دعویٰ

دورہ دہلی کامیاب رہا ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ نئی دہلی کے دور وزہ دورہ کے موقع پر مرکزی حکومت سے انہوں نے تلنگانہ کو درپیش مختلف مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے اپنے اس دورہ کو کامیاب قرار دیا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ مرکزی وزراء نتن گڈکری، روی شنکر پرساد اور دوسروں سے ان کی ملاقات کامیاب رہی اور انہیں امید ہے کہ مرکزی حکومت تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کی ترقی کے سلسلہ میں پیش کردہ نظریات کی تائید کی اور کہا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت بھی سنجیدہ ہے۔ آئندہ چار برسوں میں تلنگانہ کے ہر گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کیلئے انفرادی بیت الخلاؤں کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت مزید 15ہزار کروڑ روپئے منظور کرے گی۔ اگسٹ 2015ء تک تلنگانہ کے ہر سرکاری اسکول میں بیت الخلاء کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی صحت و صفائی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست میں آنگن واڑی مراکز کے قیام کے سلسلہ میں مرکز کی جانب سے منظورہ رقم ناکافی ہے اور اس سلسلہ میں انہوں نے مرکزی وزراء کی توجہ مبذول کرائی۔ مرکزی حکومت نے یقین دلایا کہ وہ تلنگانہ کیلئے اس سلسلہ میں بجٹ اضافہ کرے گی۔ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کام کے دنوں کی تعداد 100سے بڑھا کر 120دن کرنے کے سلسلہ میں انہوں نے مرکزی وزراء سے نمائندگی کی اور حکومت نے اس سے اتفاق کیا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی حکومت کو سابقہ کانگریس حکومت کی مبینہ غلط پالیسیوں اور بے قاعدگیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو تمام اہم شعبوں میں خود مکتفی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT