Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے مسلمانوں کیلئے سب پلان بنانے کا وعدہ: دامودر راج نرسمہا

تلنگانہ کے مسلمانوں کیلئے سب پلان بنانے کا وعدہ: دامودر راج نرسمہا

حیدرآباد۔/20اپریل، ( سیاست نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا نے دوبارہ کامیابی پر اسمبلی حلقہ اندول کو مثالی حلقہ بنانے ، اردو میڈیم ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کالجس قائم کرنے کے علاوہ اقلیتوں کیلئے ایس سی، ایس ٹی طبقات کے طرز پر سب پلان بنانے کا مسلمانوں سے وعدہ کیا۔ مسٹر دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ مسلمان علاقہ تلنگانہ میں دوسری بڑی آبادی ہیں تاہم دلتوں کے طرز پر پسماندہ ہیں۔ تعلیم ہی مسلمانوں کی زندگی میں نئی روشنی لاسکتی ہے، اس لئے انہوں نے حلقہ اسمبلی کو تعلیمی اداروں کے مرکز میں تبدیل کرچکے ہیں۔ 350کروڑ روپئے کے مصارف سے 200ایکر اراضی پر جے این ٹی یو کیمپس تعمیر کیا جارہا ہے۔
عام اور پروفیشنل کالجس کا جال بچھاچکے ہیں ۔ جوگی پیٹ میں انٹر میڈیٹ اردو جونیر کالج قائم ہوچکا ہے۔آئندہ اردو میڈیم ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کالجس بھی قائم کریں گے۔ 400کروڑ روپئے کے مصارف سے نیشنل ہائی وے تعمیر کیا جارہا ہے۔ وہ اصول پسند ہیں تعلیم ہی مسلمانوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست میں مسلمانوں کا انتہائی اہم رول رہے گا۔ مسلمان حکومت کا حصہ ہیں اور ترقیاتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مسٹر دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی نے ایک دوسرے سے سیاسی مفاد کیلئے اتحاد کرتے ہوئے مسلمانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ کانگریس کے قائدین مسٹر محمد عرفات محی الدین نے دامودھر راج نرسمہا کو اقلیت دوست، سیکولرازم کے علمبردار، غریبوں کے ہمدرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی اندول کی گزشتہ پانچ سال میں جو ترقی ہوئی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا نے حلقہ کیلئے اتنے کام کیلئے ہیں اگر 2014ء میں دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے ہیں تو ان کے چیف منسٹر بننے کے روشن امکانات ہیں، تب حلقہ اسمبلی کی ترقی کے معاملے میں اندول سارے تلنگانہ کا مثالی حلقہ بن جائے گا۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیکولر جماعت کانگریس کے امیدوار مسٹر دامودھر راج نرسمہا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کانگریس کے قائد سریندر گوڑ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

TOPPOPULARRECENT