Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ہائیکورٹ کا عنقریب قیام : سدانند گوڑا

تلنگانہ ہائیکورٹ کا عنقریب قیام : سدانند گوڑا

نئی دہلی ۔ 17 مارچ (پی ٹی آئی) مرکز نے آج کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کوبہت جلد اس کا ہائیکورٹ حاصل ہوجائے گا۔ آندھراپردیش تنظیم جدید (ترمیمی) بل 2015ء پر لوک سبھا میں بحث کے دوران وزیر قانون سدانند گوڑا نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ وکلاء کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تفصیلی تبادلہ خیال کرچکے ہیں جس کے بعد ہی بار کونسل نے اپنی ایک ماہ طویل ہڑتال سے دستبرداری اختیار کی۔ مسٹر گوڑا نے کہاکہ ’’میں ایکشن کمیٹی سے کہہ چکا ہوں کہ وہ نئے ہائیکورٹ کیلئے درکار عمارت اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے تلنگانہ کے چیف منسٹر کا مکتوب لائیں۔ بہت جلد آپ کو تلنگانہ کیلئے ہائیکورٹ حاصل ہوجائے گا‘‘۔ وزیرقانون نے اس وقت مداخلت کی جب ٹی آر ایس کے رکن بی ونود نے کہا کہ تلنگانہ کو ہائیکورٹ دینے کیلئے مرکزی حکومت خاطرخواہ اقدامات نہیں کررہی ہے۔ مسٹر گوڑا نے کہا کہ تلنگانہ ہائیکورٹ کے قیام کیلئے 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور چیف منسٹر کی جانب سے تمام درکار منظوریاں حاصل ہوجانے کے بعد وہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر سے بات چیت کے بعد مابقی عمل بھی مکمل کرلیں گے۔

TOPPOPULARRECENT