Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ، ٹی آر ایس ایم پی اے جتیندر ریڈی کا خطاب

تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ، ٹی آر ایس ایم پی اے جتیندر ریڈی کا خطاب

تحریک تلنگانہ کے دوران اقلیتی سرکاری ملازمین کے رول کی ستائش
حیدرآباد۔ 14۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ اے جتیندر ریڈی نے تلنگانہ تحریک کے دوران اقلیتی سرکاری ملازمین کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اپیل پر اقلیتی ملازمین نے علحدہ ریاست کے حصول کے لئے بڑھ چڑھ کر جدوجہد کی تھی ۔ جتیندر ریڈی آج تلنگانہ بھون میں تلنگانہ آل میناریٹیز ایمپلائیز اینڈ ورکرس اسوسی ایشن کی ڈائری کی رسم اجراء کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف کے سی آر نے جدوجہد کا آغاز کیا تھا ۔ ہر شعبہ میں آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کو نظر انداز کردیا۔ سرکاری ملازمین نے منفرد انداز میں عام ہڑتال کرتے ہوئے تحریک کو تقویت پہنچائی ۔ جتیندر ریڈی نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے تشکیل میں سرکاری ملازمین اپنی حصہ داری ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ریاست کی تشکیل کے بعد مختلف رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ کو ہندو مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ تمام طبقات آپس میں محبت اور بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ کے سی آر حکومت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اردو کو عوام کی پسندیدہ اور مقبول زبان قرار دیتے ہوئے جتیندر ریڈی نے کہا کہ اردو زبان حیدرآباد میں پیدا ہوئی اور دہلی میں اس کی پرورش ہوئی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اردو زبان سے کافی محبت ہے اور انہوں نے اردو کی ترقی اور ترویج کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو کو ریاست میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی اسوسی ایشن نے حج ہاؤز میں دفتر کی فراہمی اور تعطیلات سے متعلق جو نمائندگی کی ہے، اس سلسلہ میں وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کرائیں گے اور دونوں مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیت دوست ہیں اور گزشتہ 4 برسوں میں اقلیتوں کی ترقی کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے۔ تقریب میں رکن قانون ساز کونسل سرینواس ریڈی کے علاوہ اسوسی ایشن کے عہدیداروں شیخ فاروق حسین ، غلام غوث الدین اور دوسروں نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT