Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ یوتھ کانگریس کی صدارت کے لیے مہم عروج کو پہونچ گئی

تلنگانہ یوتھ کانگریس کی صدارت کے لیے مہم عروج کو پہونچ گئی

سینئیر کانگریس قائدین کے فرزندوں میں مقابلہ آرائی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سینئیر کانگریس قائدین کے فرزندان کی مقابلہ آرائی تلنگانہ یوتھ کانگریس کی صدارت کے لیے انتخابی مہم کے سلسلے میں عروج پر پہونچ چکی ہے ۔ 9 اور 10 ستمبر کو رائے دہی مقرر ہے ۔ 12 ستمبر کو نتائج برآمد ہوں گے ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی کی صدارت اور دوسرے عہدوں کے لیے انتخابات منعقد ہورہے ہیں پہلے مرحلے میں گرام پنچایت اور اسمبلی حلقہ کمیٹیوںکے انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ 9 اور 10 ستمبر کو لوک سبھا حلقہ اور اسٹیٹ کمیٹی کے لیے رائے دہی مقرر ہے ۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو کے فرزند مسٹر انیل کمار یادو اور کانگریس کے سابق رکن اسمبلی مسٹر بھکشاپتی یادو کے فرزند مسٹر روی کمار یادو تلنگانہ اسٹیٹ یوتھ کانگریس کی صدارت کے لیے مضبوط دعویدار ہیں ۔ دونوں نوجوان قائدین تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور پارٹی کے سینئیر قائدین سے بھی ملاقاتیں کرتے ہوئے تائید حاصل کررہے ہیں مسٹر انجن کمار یادو اور مسٹر بھکشا پتی یادو بھی اپنے اپنے فرزندان کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ سابق ارکان اسمبلی سابق ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنے اپنے فرزندان کے حق میں رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون طلب کررہے ہیں ۔ کئی مقامات پر انتخابی مہم کشیدگی اور جھگڑوں تک پہونچ گئی ہے اور یوتھ کانگریس قائدین ایک دوسرے کے خلاف پولیس اسٹیشن میں مقدمات بھی درج کراچکے ہیں اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی تک بھی شکایت پہونچ چکی ہے ۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ کمیٹی کے لیے 9 ہزار یوتھ کانگریس قائدین رائے دہی میں حصہ لیں گے ۔ 12 ستمبر کو حیدرآباد میں ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ کانگریس کے کئی سینئیر قائدین کے افراد خاندان بھی اضلاع سطح پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں جس میں ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ کے لیے کانگریس کی رکن اسمبلی ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی دختر مسز میگھنا ریڈی سابق وزیر مسز سنیتا لکشما ریڈی کے قریبی رشتہ دار سنتوش ریڈی حلقہ لوک سبھا میدک کے لیے مقابلہ کررہے ہیں سابق ریاستی وزیر مسٹر رام ریڈی وینکٹ ریڈی کے فرزند مسٹر چرن حلقہ حلقہ لوک سبھا کھمم کے لیے مقابلہ کررہے ہیں ۔ سابق وزیر مسز ڈی کے ارونا کی دختر ناگر کرنول حلقہ لوک سبھا اور اسٹیٹ کمیٹی اسنگدا ریڈی مقابلہ کررہی ہیں سابق مرکزی وزیر مسٹر بلرام نائیک کے فرزند مسٹر سائی ناتھ حلقہ لوک سبھا محبوب آباد کے لیے اپنی قسمت آزما رہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT