Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ۔ کرناٹک کے سرحدی علاقہ میں کوکین کی بڑی مقدار ضبط

تلنگانہ ۔ کرناٹک کے سرحدی علاقہ میں کوکین کی بڑی مقدار ضبط

ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلی جنس کی کارروائی ، خفیہ اطلاع پر گاڑیوں کی چیکنگ
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ۔کرناٹک کے سرحدی علاقہ میں ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلیجنس نے 55 کیلو کوکین کے ساتھ تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ DRIکی جانب سے کی گئی اس کاروائی کے متعلق کہا جارہا ہے کہ کرناٹک سے کوکین حیدرآباد منتقل کرنے کی کوشش کرنے والی اس گینگ کے متعلق باوثوق ذرائع سے اطلاعات موصول ہونے کے بعد عہدیداروں نے سداسیو پیٹ منڈل میں حیدرآباد کی طرف جانے والی اس گاڑی کو روک کر تلاشی لی جس سے 55کیلو کوکین برآمد کی گئی ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات شہر حیدرآباد میں خصوصی ٹیم کے حوالہ کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلیجنس کے عہدیداروں نے خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس کو اطلاع کرنے کے بجائے راست کاروائی کا منصوبہ تیار کیا اور کرناٹک سے براہ ظہیرآباد حیدرآباد کی سمت بڑھنے والی کار کو روک کر تلاشی لی جس میں چھوٹے چھوٹے پیاکٹس میں کوکین دستیاب ہوئی جو کہ جملہ 55کیلو ہے۔ اس کاروائی کے متعلق ڈی آر آئی عہدیداروں نے ضلع سپرنٹنڈینٹ آف پولیس ایس چندر شیکھر ریڈی کو فون پر واقف کروایا لیکن اس سلسلہ میں ضلع پولیس کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی جا رہی ہے لیکن ذرائع نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ ڈا آرآئی عہدیداروں نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ کاروائی کرتے ہوئے ملزمین کو حیدرآباد میں خصوصی ٹیم کے حوالہ کردیا ہے اور منشیات سے متعلق واقعات کی تحقیقات کرنے والے محکمہ کے اعلی عہدیداروں کو اس سلسلہ میں مطلع کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منشیات کی منتقلی کی کوشش کرنے والے تینوں ملزمین حیدرآباد میں خصوصی پولیس کی تحویل میں ہیں اور ان سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے۔ بتایاجاتاہے کہ 55کیلو کوکین کی منتقلی کی کوشش کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ منشیات کی ضبطی کے معاملہ میں بھاری مقدار میں کی جانے اولی ضبطی تصور کی جا رہی ہے۔اسی لئے اس معاملہ کو مخفی رکھتے ہوئے مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حقائق کو منظر عام پر لایا جاسکے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کوکین منتقلی کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے محکمہ ڈی آر آئی کی کاروائی کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ شہر میں اب کرناٹک سے بھاری مقدار میں منشیات منتقل کئے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT