Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگودیشم اور بی جے پی کے درمیان انتخابی مفاہمت، نشستوں کی تقسیم پر توجہ

تلگودیشم اور بی جے پی کے درمیان انتخابی مفاہمت، نشستوں کی تقسیم پر توجہ

ریونت ریڈی کو پارٹی کمپینر کی ذمہ داری، نظام کالج گراؤنڈ جلسہ عام کے ذریعہ قائدین میں جوش پیدا کرنے کا امکان

حیدرآباد۔10 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات سے متعلق شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ کیا ہے۔ بلکہ انتخابی مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا ہے۔ اسی دوران تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی نے اپنی انتخابی مفاہمت کو مضبوط و مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ نشستوں کی تقسیم کو بھی متفقہ طور پر قطعیت دینے کے عمل کا آغاز کردیاہے۔ اس طرح تلگودیشم اور بی جے پی انتخابی مفاہمت اور نشستوں کی تقسیم پر اپنی اولین توجہ مرکوز کیئے ہوئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں یوں تو برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے گزشتہ ایک ماہ سے اپنی بالواسطہ طور پر انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر طرف وزراء کے جلسے منعقد کئے جاتے رہے اور مختلف ترقیاتی پروگراموں کے افتتاح اور سنگ بنیادوں کے سلسلہ کا آغاز ہوچکا تھا اور جگہ جگہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے متعلق بڑے بڑے ہورڈنگس بھی لگادیئے گئے تھے اور اہم مقامات بشمول چوراہوں اور سہ راہوں پر بھی حکومت کے ترقیاتی پروگرامس کی بڑے پیمانے پر تشہیری سرگرمیاں شروع ہوچکی تھیں۔ حکومت کے ان اقدامات کو دیکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں کانگریس، تلگودیشم، بی جے پی، مجلس بائیں بازو جماعتیں سی پی آئی سی پی آئی ایم کے علاوہ لوک ستہ پارٹی کی جانب سے اپنے انتخابی عمل کا آغاز تاخیر سے کیا تھا لیکن اب جیسے ہی الیکشن شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے، ہر سیاسی جماعت اپنی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دینے اور انتخابی مہم میں تیزی پیدا کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ اسی دوران تلگودیشم پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لئے تلگودیشم پارٹی نے ابتدائی مرحلہ میں مسٹر اے ریونت ریڈی کارگزار صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو ’’اسٹار کیمپینر‘‘ کے طو رپر انتخابی مہم کے لئے اتارا ہے۔ اور انہوں نے حلقہ جات اسمبلی پٹن چیرو، قطب اللہ پور سیری لنگم پلی میں جہاں تلگودیشم پارٹی اپنا ایک طاقتور موقف رکھتی ہے، پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم مسٹر ریونت ریڈی نے مکمل کی ہے۔ علاوہ ازیں گریٹر حیدرآباد تلگودیشم پارٹی نے 9 جنوری کو نظام کالج گرائونڈ پر ایک بڑا جلسہ عام منعقد کرکے گریٹر حیدرآباد میں اپنی انتخابی مہم میں تیزی پید ا کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انتخابات کے منعقد ہونے کی تاریخ کو بڑھا دیئے جانے کی وجہ سے تلگودیشم پارٹی نے اپنے جلسہ عام کی تاریخ کو بھی بڑھادیا ہے اور صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے جاریہ ماہ مجوزہ دورہ ’’داوس‘‘ پر روانہ ہونے سے قبل یعنی توقع کے مطابق 18 جنوری کو نظام کالج گرائونڈ پر جلسہ عام منعقد کرکے تلگودیشم پارٹی گریٹر حیدرآباد کے قائدین اور کارکنوں میں نیا اعتماد اور ایک نیا جذبہ پیدا کرنے کے اقدامات کرے گی۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کی مکمل ذمہ داری لے لی ہے اور وہ ان انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی کو تمام قائدین کے تعاون سے قطعیت دینے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ اس دوران مسٹر ریونت ریڈی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر ریونت ریڈی نے ہر روز کم از کم تین یا اس سے زائد بلدی حلقوں میں انتخابی جلسے منعقد کرنے تلگودیشم پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ مسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ طویل عرصہ تک تلگودیشم پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے موجودہ حالات کے پیش نظر دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرلینے والے سابق تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرنے کے لئے ’’گھرواپسی‘‘ پروگرام کا آغاز کرکے مختلف قائدین کو تلگودیشم پارٹی میں شامل کرنے کے پروگرام کا بھی آغاز کیا ہے۔ اسی کڑی کے ایک حصہ کے طور پر پہلا اقدام کرتے ہوئے موجودہ گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے قائد مسٹر کرشنا پرساد کو گزشتہ دنوں تلگودیشم پارٹی میں شامل کرلیا گیا۔ مسٹر کرشنا پرساد سابق میں منعقدہ بلدی انتخابات کے موقع پر حلقہ اسمبلی ایل بی نگر انچارج رہتے ہوئے گریٹر انتخابات میں 8 بلدی ڈیویژنوں پر تلگودیشم پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم رول ادا کیا تھا اور اس طرح اس مرتبہ بھی چونکہ اب وہ دوبارہ تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں سابق کی طرح زیادہ سے زیادہ تلگودیشم پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی مسٹر کرشنا پرساد سے قوی توقع کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT