Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کی آج سے عوامی رابطہ مہم

تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کی آج سے عوامی رابطہ مہم

’ گھر گھر تلگودیشم ‘ اور ’وائی ایس آر خاندان ‘ پروگرام ۔ عوام کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش

امراوتی 10 ستمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی اور اصل اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے کارکن کل سے گلی گلی گھوم کر عوام سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہ کارکن اپنی پارٹیوں کی جانب سے عوام تک رسائی کا پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ریاست میں دونوں ہی اصل سیاسی جماعتیں ایک ساتھ اپنی مہم شروع کر رہی ہیں حالانکہ ریاست میں انتخابات کیلئے بھی 21 مہینوں کا وقت باقی ہے ۔جہاں تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے اپنی مہم ’ گھر گھر تلگودیشم ‘ کا آغاز کیا جانے والا ہے وہیں وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے اپنے پروگرام ’ وائی ایس آر خاندان ‘ کا آغاز کیا جائیگا ۔ پارٹی کا مقصد ہر خاندان سے کم از کم ایک فرد کو پارٹی میں شامل کرنا ہے ۔ اپنے 50 دن کے پروگرام سے قبل تلگودیشم سربراہ اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم کا جھنڈا ریاست میں ہر گھر پر لہرانا چاہئے ۔ ہر دروازے پر پارٹی کا پرچم لہرانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ ہر خاندان سے رابطہ کیا جائے اور ان کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ان سے یہ معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا حکومت کے فوائد ان تک پہونچے ہیں یا نہیں۔ وائی ایس آر کانگریس کیلئے عوام تک رسائی کا پروگرام 2 اکٹوبر تک جاری رہے گا اور یہ پارٹی سربراہ جگن موہن ریڈی کی 27 اکٹوبر سے شروع ہونے والی پیدل یاترا کیلئے ماحول تیار کریگا ۔ جگن نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کو چندرا بابو نائیڈو کی مکاریوں سے واقف کروائیں۔ ان سے کہیں کہ راج شیکھر ریڈی کا دور سنہرا دور تھا ۔ عوام سے ان 9 وعدوں کے بارے میں کہا جائے جو وائی ایس آر کانگریس نے اپنے پلینری کے موقع پر کئے تھے ۔ جگن موہن ریڈی کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی نے ایک موبائیل نمبر پیش کیا ہے جس پر لوگ مسڈ کال دے سکتے ہیں۔ ان کے دفتر سے جوابی کال کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات کے تعلق سے عوام کی شکایات کی سماعت کی جائیگی ۔ اس طرح سے ہر گھر سے کم از کم ایک فرد وائی ایس آر خاندان سے جڑ جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT