Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگودیشم مہاناڈو کا 27 مئی سے تروپتی میں آغاز

تلگودیشم مہاناڈو کا 27 مئی سے تروپتی میں آغاز

سیاسی مسائل کے علاوہ مرکز ریاست تعلقات اور فلاحی پروگراموں پر توجہ
حیدرآباد 3 مئی (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو کا اہم اجلاس آج قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی صدارت میں ان کی قیامگاہ واقع وجئے واڑہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاریہ ماہ 27 تا 29 مئی تروپتی میں بڑے پیمانے پر ’’تلگودیشم مہاناڈو‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پولیٹ بیورو اجلاس میں مرکزی حکومت کے ساتھ اختیار کی جانے والی پالیسی و مہاناڈو میں پیش کی جانے والی مختلف قراردادوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور بتایا کہ اجلاس میں چندرابابو نائیڈو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کا ریاست کی ترقی کیلئے تعاون بھرپور نہ رہنے لیکن کسی حد تک مناسب ہے۔ انھوں نے کہاکہ متعدد مرتبہ دہلی کا دورہ کرکے مرکزی حکومت کے اہم قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے آندھراپردیش کو درپیش کئی مسائل کی یکسوئی پر زور دینے کے باوجود مناسب انداز میں انصاف حاصل نہیں ہورہا ہے۔ اس سلسلہ میں چندرابابو نائیڈو نے مسائل کا تفصیلی جائزہ لے کر تیل میل برقرار رکھنے والوں کی کوتاہیاں پائی جانے کا اظہار کیا۔ این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ مرکزی حکومت دونوں تلگو ریاستوں کے لئے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر ایک خصوصی بورڈ کا قیام عمل میں لانے تک تلنگانہ حکومت نئے پراجکٹس کے کاموں کو شروع کرنا مناسب بات نہیں ہوگی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں راجیہ سبھا کیلئے ہونے والے انتخابات میں ایک نشست تلنگانہ قائدین میں سے کسی ایک کو دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ سے مرکزی حکومت میں بھی نمائندگی حاصل ہونے کی صورت میں تلنگانہ میں پارٹی کو زبردست فائدہ ہونے کا امکان کا تلنگانہ قائدین نے اظہار کیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کے طرز عمل پر بھی غور و خوض کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تروپتی میں منعقد ہونے والے مہاناڈو کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو کو ذمہ داری دی گئی۔ اجلاس میں صدر تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش کے وینکٹ راؤ، صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا کے علاوہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین اے ریونت ریڈی، آر چندرشیکھر ریڈی و دیگر قائدین بھی شریک تھے۔

TOPPOPULARRECENT