Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگودیشم و بی جے پی کے مشترکہ انتخابی منشور کی اجرائی

تلگودیشم و بی جے پی کے مشترکہ انتخابی منشور کی اجرائی

رقومات کے بے جا استعمال سے گریز کا وعدہ، دیاکر راؤ، ریونت ریڈی، بنڈارو دتاتریہ اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد 24 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد نے آج ایک ہی مشترکہ انتخابی منشور جاری کیا اور اس منشور کو حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے ویژن دستاویز سے تعبیر کیا اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کامیاب ہوکر جی ایچ ایم سی پر قابض ہونے کی صورت میں جی ایچ ایم سی کے ہر عہدیدار کو جوابدہ بنایا جائے گا اور ہر ایک کو شہر کی ترقی میں برابر کا حصہ دار بھی بنایا جائے گا۔ بلدی رقومات کا بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے رقومات کا بیجا استعمال کرنے سے گریز کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہر کے عوام پر مزید کوئی نیا مالی بوجھ عائد کئے بغیر حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعہ ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے انتخابی منشور کی اجرائی کے موقع پر مسرس ای دیاکر راؤ، ایل رمنا، ریونت ریڈی تلگودیشم قائدین، مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ، صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر جی کشن ریڈی کے علاوہ بی جے پی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس اور مجلس اندرونی ساز باز کے ذریعہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ مرکزی حکومت نے سوچھ حیدرآباد کے لئے 100 کروڑ روپئے جاری کی ہے لیکن شہر حیدرآباد میں کہیں بھی صاف صفائی ہرگز دکھائی نہیں دے رہی ہے بلکہ ہر طرف کوڑا کرکٹ گندگی ہی گندگی پائی جارہی ہے۔ اسی دوران صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر کشن ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ریاست میں برسر اقتدار آنے کے بعد بڑے پیمانے پر جائیداد ٹیکس میں زبردست اضافہ کیا۔ انھوں نے ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت پر الزام عائد کیاکہ جائیداد ٹیکس ادا نہ کرنے والے افراد کے گھروں کے سامنے بڑے بڑے گڑھے کھدواکر تکالیف پہونچائی۔ علاوہ ازیں برقی سربراہی بھی روک دی گئی اور نل کا پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ ہر لحاظ سے عوام کو پریشان کیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد کرپشن میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ عوام کو اس بات کا یقین تھا کہ ٹی آر ایس حکومت کرپشن کا خاتمہ کرے گی لیکن خاتمہ کرنے کے بجائے مزید اضافہ ہی ہوا ہے۔ مسٹر کشن ریڈی نے حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کیلئے نئے نئے مسائل پیدا کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ انھوں نے عوام سے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحادی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT