Tuesday , December 11 2018

تلگودیشم پارٹی مرکز کی این ڈی اے حکومت میں شامل ہوگی

دو وزارتیں حاصل کرنے کا منصوبہ ۔ چندرا بابو نائیڈو کی دہلی میں راج ناتھ سنگھ اور دوسروں سے ملاقاتیں

دو وزارتیں حاصل کرنے کا منصوبہ ۔ چندرا بابو نائیڈو کی دہلی میں راج ناتھ سنگھ اور دوسروں سے ملاقاتیں

حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی مرکزی حکومت میں شامل ہوگی اور مرکزی کابینہ میں اسے دو وزارتیں حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج دہلی میں منعقدہ ین ڈی اے حلیف سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کی ۔ بعد ازاں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی مرکزی حکومت کا حصہ رہے گی ۔ مسٹر نائیڈو نے بی جے پی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کے دوران ان امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلگو دیشم پارٹی مودی کی قیادت میں 26 مئی کو تشکیل دی جانے والی حکومت کا حصہ بننے کے سلسلہ میں بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے پریس کانفرنس کے دوران مودی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں بھی مودی ہی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوں گے ۔ مسٹر نائیڈو نے مودی کو ہندوستان کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی ترقی یقینی ہوگی ۔ صدر تلگو دیشم نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی کی کامیابی کا جشن ہر ترقی پسند ہندوستانی شہری منا رہا ہے اور ان کے توقعات کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ بخوبی سمجھتے ہیں ۔

مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو نے قبل ازیں بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ ، نریندر مودی کے علاوہ مرلی منوہر جوشی اور ارون جیٹلی سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ان ملاقاتوں کے دوران ان کے ہمراہ تلگودیشم قائدین مسٹر ین ناگیشور راؤ ، مسٹر کے موہن راؤ ، مسٹر اونتی سرینواس کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ صدر تلگو دیشم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ریاست کی تقسیم کے دوران ہوئی نا انصافیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت نے تقسیم کے جس طریقہ کار کو اختیار کیا ہے اس سے ایک علاقہ کے عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے اس کی پابجائی کیلیے اقدامات ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر یہ دعویٰ کیا کہ تلگو دیشم پارٹی ین ڈی اے کی حلیف ہے لیکن اس کے سیکولر کردار پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جانا چاہئے ۔ مسٹراین چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ وہ دونوں علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں جو منصوبہ رکھتے ہیں اس کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی حکومت میں شامل ہوتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی رول ادا کرے گی ۔ انہوں نے حکومت میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں تلگو دیشم پارٹی حسب سابق اپنا اہم کردار ادا کرے گی ۔ مسٹر نائیڈو کی بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے تلگو دیشم پارٹی کو مرکزی کابینہ میں دو وزارتیں دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے لیکن کہا جارہا ہے کہ ابتداء میں صرف ایک وزارت دی جائے گی اور آئندہ توسیع میں مزید ایک کابینی نشست تلگو دیشم پارٹی کو فراہم کی جائے گی ۔ دورہ دہلی کے دوران مسٹر نائیڈو نے یل کے اڈوانی ، وینکیا نائیڈو ، سشما سوراج کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کی ۔

TOPPOPULARRECENT