Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلگو اداکار پون کلیان تلنگانہ کے مخالف

تلگو اداکار پون کلیان تلنگانہ کے مخالف

اداکار کی پارٹی منصوبہ اور پالیسی سے عاری ـ این نرسمہا ریڈی

اداکار کی پارٹی منصوبہ اور پالیسی سے عاری ـ این نرسمہا ریڈی

حیدرآباد۔/22اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد این نرسمہا ریڈی نے جنا سینا کے قائد و فلم اسٹار پون کلیان کو مخالف تلنگانہ قرار دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ پون کلیان کبھی بھی تلنگانہ کے حامی نہیں ہوسکتے، وہ سیاست میں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے جو پارٹی قائم کی وہ کسی بھی منصوبہ اور پالیسی سے عاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات سے عین قبل پارٹی قائم کرکے پون کلیان سیما آندھرا میں تلگودیشم کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں نریندر مودی کے جلسوں میں پون کلیان کی شرکت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پون کلیان تلنگانہ عوام کے ساتھ جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں حالانکہ تلنگانہ میں رہ کر انہوں نے تلنگانہ سے غداری کی ہے۔ نرسمہا ریڈی نے انتباہ دیا کہ تلنگانہ میں رہتے ہوئے تلنگانہ کی مخالفت کرنے والوں کو عوام برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ ٹی آر ایس سیما آندھرا عوام کی کبھی بھی مخالف نہیں رہی ہے۔ تلنگانہ میں مقیم سیٹلرس کے بارے میں کے سی آر نے کبھی دھمکی آمیز زبان کا استعمال نہیں کیا۔ ٹی آر ایس صرف ان آندھرائی سرمایہ داروں کے خلاف ہے جو مفادات کی تکمیل کیلئے تشکیل تلنگانہ کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے سیٹلرس کو بھروسہ دلایا کہ وہ تلنگانہ میں پوری آزادی کے ساتھ قیام کرسکتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ظاہری ہمدردی کرنے والی جماعتوں اور شخصیتوں سے ہوشیار رہیں اور تلنگانہ تحریک کی قیادت کرنے والی ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔ نرسمہا ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم کو آندھرائی پارٹیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پارٹیوں نے بھی تلنگانہ میں اپنے امیدوار کھڑا کرتے ہوئے اپنا تسلط برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن تلنگانہ عوام ان کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT