Saturday , December 15 2018

تلگو دیشم سے منحرف ارکان اسمبلی کو اسپیکر کی نوٹس

حیدرآباد۔ 8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ اسمبلی مدھو سدن چاری نے تلگو دیشم پارٹی سے انحراف کرنے والے تین ارکان اسمبلی کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ سرینواس یادو ، تیگلا کرشنا ریڈی اور سی ایچ دھرما ریڈی کو آج نوٹس جاری کرتے ہوئے انحراف کے سلسلہ میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسپیکر نے ان ارکان اسمبلی سے پوچھا کہ کیوں نہ ان کے خلاف قانون انسداد انحراف کے تحت کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے ان تینوں ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جس کے خلاف تلگو دیشم نے اسپیکر سے شکایت کی اور ان ارکان کو نااہل قرار دینے کیلئے کارروائی کی درخواست کی۔ تلگو دیشم کا استدلال ہے کہ ان ارکان کا انحراف قانون انسداد انحراف کی کھلی خلاف ورزی ہے ، لہذا انہیں اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔ کانگریس اور تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے بیشتر ارکان اسمبلی و کونسل نے اپنی پارٹیوں سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ دونوں پارٹیوں نے اس سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین قانون ساز کونسل سے شکایت کی اور یہ معاملات زیر دوران ہیں۔ حالیہ اسمبلی اجلاس میں کانگریس نے حکومت پر اس کے ارکان کو انحراف کیلئے اکسانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT