Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلگو دیشم میں مسلم امیدوار نظر انداز ، لوک سبھا اور اسمبلی امیدواروں کے ناموں کا اعلان

تلگو دیشم میں مسلم امیدوار نظر انداز ، لوک سبھا اور اسمبلی امیدواروں کے ناموں کا اعلان

بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا منفی اثر آشکار ، متوقع امیدواروں کا بھی امیدوار بننے میں پس و پیش

بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا منفی اثر آشکار ، متوقع امیدواروں کا بھی امیدوار بننے میں پس و پیش
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ کے لیے 3 اور اسمبلی کے لیے 27 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے ۔ اعلان کردہ فہرست میں نہ صرف تمام طبقات بلکہ خواتین کو بھی مناسب و موثر نمائندگی دی گئی ہے لیکن مسلمانوں کو پوری طرح سے نظر انداز کردیا گیا ہے جس سے تلگو دیشم ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اتحاد کے تلگو دیشم پارٹی پر اثرات واضح ہورہے ہیں ۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سابق میں مسلمانوں کی سیاسی ، معاشی و تعلیمی ترقی کے متعدد اعلانات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی قوت میں اضافہ تک معاشی و تعلیمی بدحالی کو دور کیا جانا ممکن نہیں ہے لیکن تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے آج جاری کردہ پہلی فہرست سے ایسا محسوس ہوتاہے کہ تلگو دیشم پارٹی کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد کے بعد پارٹی میں مسلم امیدوار بھی باقی نہیں ہیں اور جو مسلم قائدین تلگو دیشم پارٹی میں اتحاد کے بعد بھی موجود ہیں وہ انتخابی میدان کا حصہ بننے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ پہلی فہرست میں تلگو دیشم نے 3 یس سی زمرے میں محفوظ یس سی امیدواروں کا اعلان کیا اور 3 یس ٹی زمرے کے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے یس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار میدان میں اتارے ہیں علاوہ ازیں یس سی ، یس ٹی زمرے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو غیر محفوظ نشستوں سے بھی ٹکٹ دئیے گئے جب کہ بی سی طبقہ کو بھی بہتر نمائندگی فراہم کی گئی ہے ۔ اسی طرح ریڈی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو بھی تلگو دیشم پارٹی نے ٹکٹ دئیے ہیں۔ پہلی فہرست میں پارٹی کی دو خاتون امیدواروں کے نام بھی شامل ہیں لیکن اس فہرست میں تلگو دیشم پارٹی کے دعوے کے مطابق پارٹی کا سیکولر کردار نظر نہیں آیا چونکہ اس میں ایک بھی مسلم امیدوار کا نام شامل نہیں ہے ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب تلگو دیشم پارٹی کی دوسری امیدواروں کی فہرست میں اقلیتی طبقہ کے نام شامل ہوسکتے ہیں لیکن پارٹی میں موجود مسلم قائدین تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے ساتھ عوام کے درمیان جانے سے خائف ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT