تلگو دیشم کو تلنگانہ میں بہتر مظاہرہ کی امید

چیف منسٹر بی سی طبقہ سے بنانے اور تمام طبقات سے انصاف کا عزم : چندرا بابو

چیف منسٹر بی سی طبقہ سے بنانے اور تمام طبقات سے انصاف کا عزم : چندرا بابو
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی مجوزہ عام انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرے گی اور ریاست تلنگانہ میں بی سی چیف منسٹر کے انتخاب کو یقینی بناتے ہوئے تمام طبقات سے انصاف کرے گی ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست کی اجرائی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کا سہرا اپنے سرباندھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آج دونوں ریاستوں کے عوام حیدرآباد میں قیام پذیر ہونے کے خواہش مند ہیں اور دونوں ریاست کے قائدین تقسیم کے دوران حیدرآباد پر ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں جس کی بنیادی وجہ حیدرآباد کی ترقی ہے جو تلگو دیشم کے دور حکومت میں ہوئی ۔ مسٹر نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے وعدے پر عمل کرنے والے ہیں جب کہ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ دغا باز اور اقتدار کے لالچی ہیں ۔ صدر تلگو دیشم نے کے سی آر کو مغرور سیاستداں قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر کے غرور کو توڑنے کے لیے تلگو دیشم کو کامیاب بنائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کے پاس بہترین قائدین ہیں جو پارٹی کو مستحکم بنائے ہوئے ہیں ۔ تلگو دیشم پارٹی کی جگہ عوام کے دلوں میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ عوام ان انتخابات میں کانگریس کو سبق سکھائیں گے اور کانگریس عوام میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے سبب جانے کا موقف بھی نہیں رکھتی ۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کانگریس کو ملک کے لیے سرطان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ کانگریس کے صفائے کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں تلگو دیشم پارٹی کا کلیدی کردار ہے اور تلگو دیشم سماجی انصاف پر مشتمل تلنگانہ کے خواب کو بھی پورا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے علاقہ تلنگانہ کے تمام ترقیاتی اقدامات کو تلگو دیشم کے مرہون منت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم نے اپنے دور اقتدار میں ریاست کے تینوں خطوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنایا تھا جس کے نتیجہ میں ریاست کی مجموعی ترقی ہوئی ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے تلنگانہ مسئلہ پر اپنے موقف سے کبھی انحراف نہیں کیا جب کہ آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے فرزند مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس مسئلہ پر اپنے موقف سے انحراف کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ قائدانہ صلاحیت نہیں رکھتے ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی نے اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں دونوں ریاستوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے عہد کا اعادہ کیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے تلگو دیشم دور اقتدار کے میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔۔

TOPPOPULARRECENT