Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلگو زبان میں پہلے اسلامی ٹی وی چینل کا آغاز

تلگو زبان میں پہلے اسلامی ٹی وی چینل کا آغاز

رجوع مارگم چینل اسلام کے صحیح تعارف اور غلط فہمیوں کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہوگا‘ یو آئی آر سی کے صدر کابیان

رجوع مارگم چینل اسلام کے صحیح تعارف اور غلط فہمیوں کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہوگا‘ یو آئی آر سی کے صدر کابیان
حیدرآباد۔9۔ جنوری (پریس نوٹ) یونیورسل اسلامک ریسرچ سنٹر(یو آئی آر سی) کے تلگو اسلامی ٹی وی چینل رجوع مارگم (RM tv) کا آغاز ہوچکا ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں موجود تقریباً 10 کروڑ تلگو عوام کیلئے یہ پہلا اسلامی تلگو ٹی وی چینل ہے۔ یو آئی آر سی کے صدر شیخ شفیع اور جنرل سکریٹری سراج الرحمن نے کہا کہ اگر چہ کہ یو آئی آر سی گذشتہ 10 سال سے اسلام کا پیغام ہر انسان تک پہنچانے میں مصروف ہیں لیکن تلگو زبان میں ٹی وی چینل کی شدید ضرورت محسوس کی جارہی تھی کیوں کہ عالمی اور قومی سطح کے موجود حالات کے تناظر میں ہر مسلمان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ وہ کس طرح سے اللہ سبحانہ تعالی اور پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے بارے میں دانستہ طور پر پھیلائی جارہی غلط فہمیوں کوختم کریں۔ آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہوگی کہ اس وقت دونوں ریاستوں میں عیسائیت اور ہندوازم کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے تقریباً 10 تلگو ٹی وی چینلس چلائے جارہے ہیں۔اس وقت پہلے اسلامی تلگو ٹی وی چینل رجوع مارگم کو DIGI CABLE (Channel no 85) اور SITI NETWORK (channel no 605 پر 24 گھنٹے نشر کیا جارہا ہے اور بہت جلد دونوں ریاستوں میں مکمل طور پر دیکھا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو میں چینل شروع کرنے کا اہم مقصد حق پہنچانے کے ساتھ ساتھ اسلام کے بارے میں بڑھتی نفرت‘ تعصب اور غلط فہمیوں کو ختم کرتے ہوئے تمام لوگوں میں بھائی چارگی اور اتحاد بھی پیدا کرنا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے انسانیت دشمن طاقتیں وطن عزیز میں موجود تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ایسے حالات میں رجوع مارگم ٹی وی چینل تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان اپنے حقیقی رب اور زندگی کے مقاصد کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں ایک اہم رول ادا کرے گا کیوں یہ کروڑوں لوگوں کی مقامی زبان تلگو میں پیش کیا جارہا ہے۔ شیخ شفیع اور سراج الرحمن نے کہا کہ عنقریب اردو میں بھی متعدد پروگرامس نشر کیے جائیں گے۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاں ایک جانب پوری دنیا میں اسلام پوری تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں اسے بدنام کرنے کی کوششیں بھی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ طاغوتی قوتوں کے کامیاب ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ مختلف زبانوں میں مسلمانوں کے اپنے ٹی وی چینلس اور اخبارات بھی نہیں ہیں۔ یو آئی آر سی کے صدر نے عوام بالخصوص مسلمانوں سے دردمندانہ گذارش کی ہے کہ وہ اس پہلے تلگو اسلامی ٹی وی چینل کو ہر غیرمسلم تک پہنچانے میں ہماری ہر ممکن مدد کریں۔ تفصیلات کیلئے 7842426463 پر ربط کریں۔

TOPPOPULARRECENT