Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگو زبان کے مشہور شاعر و محب اردو ڈاکٹر سی نارائن ریڈی سنارے کی آخری رسومات کی ادائیگی

تلگو زبان کے مشہور شاعر و محب اردو ڈاکٹر سی نارائن ریڈی سنارے کی آخری رسومات کی ادائیگی

حیدرآباد 14جون (یواین آئی )تلگو زبان کے مشہور شاعر ، تعلیمی ایڈ منسٹریٹر و محب اردو ڈاکٹر سی نارائن ریڈی سنارے کی آخری رسومات آج انجام دے دی گئیں جو دو دن قبل چل بسے تھے ۔سنارے تلگو کے ساتھ ساتھ اردو پر بھی کمال رکھتے تھے ۔ان کی ابتدائی تعلیم ارد ومیڈیم سے ہوئی تھی ۔ سی نارائن ریڈی کو اردو کی شاعرانہ روایات بالخصوص اردو غزل میں کافی دلچسپی تھی۔دونوں زبانوں تلگو اور اردو میں مہارت ہونے کے سبب انہوں نے اپنی تلگو شاعری میں اردو شاعری کے اثرات کو چھوڑاتھا۔ قبل ازیں شہر حیدرآباد کے بنجاراہلز میں واقع ان کے مکان پہنچ کر ان کی لاش کا آخری دیدار کرنے والے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے علاوہ اہم سیاسی ، ادبی اور تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ اہم شخصیتوں نے ان کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ گورنر نے کہا کہ رویندر بھارتی میں منعقدہ کئی تقاریب میں سنارے کے ساتھ شرکت کا انہیں اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیان پیٹھ ایوارڈ پانے کے باوجود سنارے نے سادہ زندگی بسر کی۔ انہوں نے تلگو فلم انڈسٹری بالخصوص تلگو ادب کے لئے نارائن ریڈی کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی گئیں۔حکومت تلنگانہ نے ریاست میں خصوصی بسوں کا انتظام کیا تاکہ سنارے کے مداح اور ان کے چاہنے والے ان کی آخری رسومات میں شرکت کرسکیں۔

TOPPOPULARRECENT