Monday , November 19 2018
Home / شہر کی خبریں / تلگو سال نو ’ اگادی ‘

تلگو سال نو ’ اگادی ‘

ہر سیاسی دفتر کا نجومی متعلقہ پارٹی کے اچھے دن بتایا
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلگو سال نو اگادی کے موقع پر پنڈتوں نے ہر سیاسی جماعت کے پارٹی آفس میں پنچاگنم کا اہتمام کرتے ہوئے اس پارٹی کے لیے رواں سال بہتر ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے جہاں سیاسی قائدین کو خوش کیا ہے وہیں عوام کو حیرت میں ڈال دیا ہے ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ سرکاری پنچاگنم میں پنڈت سنتوش کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ستارے عروج پر ہیں ۔ وہ ہر محاذ پر کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ تیسرے محاذ کی کوشش کامیاب رہے گی ۔ لیکن تلنگانہ حکومت میں شامل 5 وزراء کا دوبارہ کامیاب ہونا ممکن نہیں ہے ۔ بارش اچھی ہوگی ۔ فصلیں بھی اچھی رہیں گی ۔ لا اینڈ آرڈر کنٹرول میں رہے گا ۔ طلاق کے واقعات میں اضافہ ہوگا ۔ آر ٹی سی خسارے پر کسی حد تک قابو پالیگی ۔ خواتین کلیدی رول ادا کریں گی ۔ انڈولمنٹ ڈپارٹمنٹ میں بدعنوانیاں آشکار ہوں گی ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں پنڈت تروملا شاستری نے پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال کانگریس کا مستقبل روشن رہے گا ۔ اکٹوبر کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے ستارے عروج پر پہونچ گئے ۔ عوامی مسائل پر کی جانے والی جدوجہد کانگریس کو اقتدار کے زینے تک پہونچائے گی ۔ کانگریس پارٹی کامیابی کی طرف گامزن ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی آفس میں منعقدہ تقریب میں پنڈت شرون کمار نے پیش قیاسی کی ہے ۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم مستحکم ہوگی ۔ 2019 کے عام انتخابات کے بعد حکومت کی حصہ دار بھی بنے گی ۔ قومی سیاست میں بھی تلگو دیشم اہم رول ادا کرے گی ۔ آندھرا پردیش تلگو دیشم پارٹی آفس گنٹور میں منعقدہ تقریب میں پنڈت انجینائیے شاستری نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ بھی آندھرا پردیش میں تلگو دیشم کامیابی حاصل کرے گی ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ستارے عروج پر ہیں ۔ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں ۔ آندھرا پردیش کے لیے خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لیے مرکز سے جو جدوجہد کی جارہی ہے ۔ اس سے تلگو دیشم کا عوام میں وقار بڑھا ہے ۔ آندھرا پردیش وائی ایس آر کانگریس پارٹی آفس میں منعقدہ تقریب میں پنڈت رام کرشنا شرما نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ سال مئی میں جگن موہن ریڈی بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش حلف لیں گے ۔ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی 135 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور وہ 12 سال 8 ماہ 18 دن تک چیف منسٹر کے فرائض انجام دیں گے ۔ جاریہ سال 25 اکٹوبر سے جگن موہن ریڈی کے ستارے عروج پر ہوں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT