Tuesday , February 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تمام اضلاع میں موٹر ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا منصوبہ

تمام اضلاع میں موٹر ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا منصوبہ

حیدرآباد ۔13نومبر ( این ایس ایس) حکومت تلنگانہ ریاست کے ہر ضلع ہیڈ کوارٹر میں تمام سہولیات سے آراستہ موٹر ڈرائیونگ اسکول قائم کرنے کیلئے مطلوبہ مالی امداد کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے رجوع ہوگی ۔ اسمبلی میں آج وقفہ سوالات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی سرسلہ میں ایک بڑا موٹر ڈرائیونگ اسکول قائم کیا ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں بھی اسی طرز کا ایک اسکول قائم کرنے سے اتفاق کیا ۔ سرسلہ میں واقع اس موٹر ڈرائیونگ اسکول میں ہر سال 19000 افراد کو ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ارکان کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ ڈرائیونگ اسکل بالخصوص ہیوی موٹر وہیکلس کی ٹریننگ بڑھتے سڑک حادثات کے پس منظر میں اہمیت کی حامل ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے تلنگانہ میں سڑک حادثات کی تعداد کم ہے ۔ ارکان اسمبلی نے وزیر موصوف سے خواہش کی کہ ڈرائیونگ اسکولس کے قیام کے ساتھ ساتھ پارکنگ کیلئے بھی وسیع انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ٹریفک کی وجہ سے پارکنگ ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT