Tuesday , December 18 2018

تمام کمیونسٹ جماعتوں کے انضمام کی ضرورت : سدھاکر ریڈی

انضمام فی الحال ہمارا ایجنڈہ نہیں۔ آپسی اتحاد اہمیت کا حامل : پرکاش کرت کا رد عمل

انضمام فی الحال ہمارا ایجنڈہ نہیں۔ آپسی اتحاد اہمیت کا حامل : پرکاش کرت کا رد عمل
حیدرآباد 20 جنوری ( پی ٹی آئی ) مسلسل انتخابی شکستوں اور بی جے پی کے عروج کے پیش نظر سی پی آئی نے ملک میں کمیونسٹ جماعتوں کے انضمام کی وکالت کی ہے جبکہ سی پی ایم کا کہنا ہے کہ کمیونسٹ جماعتوں کا انضمام فی الحال اس کا ایجنڈہ نہیں ہے تاہم بحیثیت مجموعی تمام کمیونسٹ جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے ۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے پارٹی کی قومی عاملہ کے ناگپور میں منعقدہ اجلاس کی روئیداد سے میڈیا کو واقف کروایا ۔ انہوں نے تمام کمیونسٹ جماعتوں کے اتحاد اور بالآخر انضمام کی وکالت کی ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسا ممکن ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسا ہوسکتا ہے اور موجودہ صورتحال میں ایسا ضروری ہے ۔ ساتھ ہی ہم اس کیلئے کوئی مہلت مقرر نہیں کر رہے ہیں۔ ہم تمام فریقین سے اور تمام کمیونسٹ جماعتوں سے مثبت رد عمل ملنے تک انتظار کرنے تیار ہیں۔ سی پی آئی نے کمیونسٹوں کی آزادانہ شناخت کو مزید مستحکم کرنے کی حمایت کی ہے اور کہا کہ ہندوستان میں اصولی بنیادوں پر کمیونسٹ تحریک کا متحد ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سی پی آئی کے 22 ویں اجلاس میں ایک قرار داد منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہندوستان میں کمیونسٹ جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا جائیگا اور یہ کام اصولی بنیادوں پر ہونا چاہئے ۔ یہ واضح کرنے پر کہ سی پی ایم نے انضمام کی تجویز کے تعلق سے زیادہ گرمجوشی نہیں دکھائی ہے انہوں نے کہا کہ انہیں کسی طرح کے فوری رد عمل کی امید نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سے یہ امید نہیں ہے کہ وہ 24 گھنٹے میں کوئی جواب دینگے ۔ یہ بات صرف سی پی ایم کی نہیں ہے بلکہ تمام کمیونسٹ جماعتوں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ جب کمیونسٹ جماعتیں جدوجہد کرنے میں ساتھ ہوتی ہیں تو جماعتیں علیحدہ کیوں ہیں۔ سی پی ایم کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے تاہم میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کمیونسٹ جماعتوں کا انضمام ان کے ایجنڈہ میں نہیں ہے ۔ مسٹر کرت سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی اجلاس کے سلسلہ میں میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مارا ماننا ہے کہ وقت کی ضرورت یہ ہے کہ کمیونسٹ جماعتوں میں اتحاد ہوجائے ۔ کمیونسٹ جماعتوں کا اتحاد صرف سی پی ایم اور سی پی آئی کا اتحاد نہیں ہے ۔ یہاں دیگر جماعتیں بھی ہیں اور ہم ان سب کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے عمل میں اتحاد لانا اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہمیں ہر کام میں اتحاد لانے کی ضرورت ہے اور ساتھ مل کر کام کرنا ہے اس لئے فی الحال دو کمیونسٹ جماعتوں کا انضمام ہمارے ایجنڈہ میں نہیں ہے ۔ تمام کمیونسٹ جماعتوں میں اتحاد کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT