Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے آر ٹی سی ملازمین کا مطالبہ

تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے آر ٹی سی ملازمین کا مطالبہ

حیدرآباد۔/14اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی ایمپلائز یونین اور تلنگانہ آر ٹی سی مزدور یونین نے اپنی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے اور دیگر مسائل کی فی الفور یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا حکومت تلنگانہ اور آر ٹی سی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر 18اپریل کے فوری بعد کبھی بھی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ مسرس اشوادھاما ریڈی اور پدماکر قائدین تلنگانہ آر ٹی سی مزدور یونین وتلنگانہ آر ٹی سی ایمپلائز یونین نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں پر فوری نظر ثانی کے مطالبہ پر گزشتہ دنوں آر ٹی سی انتظامیہ کو غیر معینہ ہڑتال شروع کرنے کے سلسلہ میں باقاعدہ طور پر ہڑتال کی نوٹس دی گئی تھی جس کے پیش نظر آر ٹی سی انتظامیہ نے مذکورہ یونین قائدین کو کمشنر لیبر کے ساتھ بات چیت کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ان قائدین نے کہا کہ آر ٹی سی انتظامیہ و لیبر کمشنر میں کوئی تال میل نہیں پایا گیا اور کمشنر لیبر و آر ٹی سی انتظامیہ نے دونوں ریاستوں کی حکومتوں سے بات چیت کئے بغیر یونین قائدین کو بات چیت کیلئے مدعو کیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ آر ٹی سی انتظامیہ، لیبر کمشنر کے ساتھ ہوئی بات چیت بالکلیہ طور پر ناکام ہوئی۔ تلنگانہ آر ٹی سی مزدور یونین اور ٹی آر ٹی سی ایمپلائز یونین قائدین نے بالخصوص آر ٹی سی انتظامیہ پر ملازمین کے مختلف مسائل بالخصوص ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کے مسئلہ پر ٹال مٹول کرنے اور وقت ضائع کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر آر ٹی سی انتظامیہ کا یہی طرز عمل رہنے کی صورت میں غیر معینہ مدت کی آر ٹی سی ہڑتال ناگزیر ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT