Thursday , December 14 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تنظیموں کو زندہ رہنے کیلئے مقصد کو یاد رکھنے کا مشورہ

تنظیموں کو زندہ رہنے کیلئے مقصد کو یاد رکھنے کا مشورہ

نظام آباد ایس آئی او کی یوم تاسیس تقریب، ملک معتصم خاں کا خطاب
نظام آباد :20؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) برادر محمد فراز احمد (سکریٹری برائے رابطہ عامہ کی اطلاع کے بموجب اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا سٹی نظام آباد کی جانب سے ایس آئی او فارمیشن ڈے منایا گیا ۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نوجوانوں کی ایک ملک گیر تنظیم ہے جس کا قیام 19 اکتوبر 1982؁ء کو عمل میں آیا ۔ گزشتہ 35 سالوں سے تنظیم ملک کے طول و عرض میںالٰہی ہدایات کے مطابق سماج کی تشکیلِ نو کے لئے طلباء و نوجوانوں کو تیار کرنے کا کام انجام دے رہی ہے۔ اس وقت ایس آئی او کے ملک بھر میں ہزاروں کی تعداد میں ارکان اور کثیر تعداد میں متفقین موجود ہیں جو مختلف میدانوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسی مناسبت سے ملک بھر میں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی عمل میں لائی گئی اور ساتھ ہی تجدید عہد کیا گیا۔ ایس آئی او سٹی نظام آباد نے بھی اس موقع پر شہر کے لمرا گارڈن فنکشن ہال میں ایک تاسیسی پروگرام منعقد کیا جس میں ایس آئی او کے سابق ذمہ داران و ارکان کو مدعو کیا گیا جنھون نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس پروگرام کی صدارت ملک معتصم خان سابق قومی صدر ایس آئی او 1995 تا 1999 نے کی ۔ اس پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے عبدالعزیز (سکریٹری شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی تلنگانہ و اڈیشہ) نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک اور تنظیم کو اس کا مقصد زندہ رکھتا ہے اور جوتحریک بھی اپنے مقصد کو بھلا دیتی ہے وہ ناکارہ ہوجاتی ہے اسی لئے تحریکات اور تنظیموں کے زندہ رہنے کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے قیام کے مقصد کو ہمیشہ یاد رکھیں اور اس کے لئے تاسیسی پروگرامس فائدہ مند ہوتے ہیں۔ عبدالملک شارق (سابق صدر حلقہ ایس آئی او، تلنگانہ ) نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی او ملک کے اندر خصوصاً کیمپس میں سرگرم عمل ہے جس کا نتیجہ ہے کہ یونیورسٹی انتخابات میں فسطائی طاقتوں کونقصان اٹھانا پڑرہا ہے جس کی زندہ مثال گزشتہ ہوئے مرکزی یونیورسٹیز کے انتخابات ہیں جس میں بائیں بازو کی فاشسٹ تنظیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر ایس آئی او کے سابق صدورِ مقامی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ صدار تی خطاب کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ یوم تاسیس کا موقع تمام افراد کے لئے دوبارہ سے اس عہد کو یاد کرنے کے لئے آتا ہے جس کے ذریعہ سے تنظیم کے قافلہ کا حصہ بنا گیا ہے، موصوف نے کہا کہ ممبران کو اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر ان میں مزید ارتقاء کرنا چاہئے تاکہ ان کے ذریعہ سے سماج کو فائدہ پہنچ سکے ۔ ایس آئی او روز اول سے ہی طلباء میں موجود صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہوئے ان کو سماج کے لئے نفع بخش بنانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔ پروگرام کا آغاز برادر عبداللہ مظہر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس موقع پر معزز مہمان کی حیثیت سے احمد عبدالعظیم ( ناطم ضلع کاماریڈی) احمد عبدالحلیم ( ناظم ضلع نظام آباد اربن) ، خواجہ فہیم اللہ ( امیرمقامی احمدی ابازار) نے شرکت کی ان کے علاوہ ایس آئی او کے ذمہ داران، ممبران و متفقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT