Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / تنقیدوں کی زد میں موجود گیل کو سیمی کی حمایت

تنقیدوں کی زد میں موجود گیل کو سیمی کی حمایت

لندن۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوئنٹی20 کرکٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ساتھی کھلاڑی کرس گیل کو صاف گو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بے باک گفتگو کے باعث میڈیا کا آسان نشانہ بن جاتے ہیں۔ سیمی ورلڈ کپ میں فتح کے بعد پہلی مرتبہ کرکٹ کھیلنے انگلش کاؤنٹی ہمپشائر پہنچے جہاں وہ نیٹ ویسٹ ٹوئنٹی20 بلاسٹ ٹورنمنٹ میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سیمی نے کہا کہ لوگ گیل کو بلاوجہ نشانہ بنا رہے ہیں کیونکہ وہ ان کی ٹیم کے ایسے ساتھی ہیں جن کی وہ خود تعریف اور احترام کرتے ہیں اور بلاشبہ گیل اچھے کھلاڑی اور فطری قائدانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ واضح رہے کہ گیل گزشتہ دنوں آئی پی ایل 2016 کے دوران خاتون صحافی کے ساتھ نازیبا گفتگو کرنے پر تنقید کا نشانہ بنے تھے۔ اس سے قبل وہ آسٹریلیا میں بھی بگ بیش لیگ کے دوران ایسی صورتحال کا شکار ہوچکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ عالمی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کے بموجب گیل ان کیلئے سب سے پہلے کرکٹ ہیرو اور دلچسپ شخص ہیں لیکن لوگ بلاوجہ ان پرتنقید کرتے ہیں۔ سیمی نے اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے میدانوں میں اعلیٰ خدمات پر گیل کی ہمیشہ طرفداری کی جائے گی کیونکہ وہ مانتے ہیں کہ کھلاڑیوں کے اوپر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تاہم گیل بعض اخباروں کی سرخیوں کا غیر ضروری نشانہ ہوتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT