Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / توجہ ہٹاکر زیورات و قیمتی اشیاء ہڑپنے والا عادی سارق گرفتار

توجہ ہٹاکر زیورات و قیمتی اشیاء ہڑپنے والا عادی سارق گرفتار

مسروقہ مال خریداروں کے خلاف بھی کارروائی ، ڈی سی پی ایسٹ زون ڈاکٹر رویندر
حیدرآباد ۔ /20 مئی (سیاست نیوز) معصوم لڑکیوں کی توجہ ہٹاکر ان سے طلائی زیورات اور قیمتی اشیاء کے سرقہ میں ملوث ایک عادی سارق کو کاچی گوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 7 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر وی رویندر نے بتایا کہ 28 سالہ بی روی کرن عرف پینکو ساکن رتنا نگر کاچی گوڑہ ڈسمبر 2012 ء سے حیدرآباد و سائبر آباد علاقوں میں کم عمر لڑکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی توجہ ہٹاکر کان کے ٹاپس ، چاندی کے چین وغیرہ چھین کر فرار ہوگیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم سابق میں راج سافٹ سلیوشن واقع ملک پیٹ میں 4000 روپئے کی تنخواہ پر ملازمت کیا کرتا تھا اور معاشی پریشانیوں سے اس نے رہائشی علاقوں میں 10 تا 12 سال عمر کی لڑکیوں کو نشانہ بنانے لگا ۔ روی کرن لڑکیوں کو یہ ظاہر کیا کرتا کہ وہ ان کے باپ کا دوست ہے اور مفت اسکالر شپ فراہم کرنے کے بہانے نامعلوم مقام پر لے جایا کرتا اور بعد ازاں ان سے طلائی اور چاندی زیورات کا سرقہ کرکے رفو چکر ہوجاتا تھا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ملزم 28 مقدمات میں ملوث ہے اور اس نے حیدرآباد و سائبر آباد میں کئی وارداتیں انجام دیں تھیں ۔ پولیس نے روی کرن کے علاوہ مسروقہ مال خریدنے والے ونود کمار جین ، سنتوش جین ، جیش گاندھی اور گوتم چند جین کو بھی گرفتار کرلیا ۔

TOPPOPULARRECENT