Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / تونڈپلی سڑک حادثہ کے زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج

تونڈپلی سڑک حادثہ کے زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور پرکاش گوڑ کا تیقن ، زخمیوں کی عیادت

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور پرکاش گوڑ کا تیقن ، زخمیوں کی عیادت
شمس آباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع تونڈ پلی میں کل رات المناک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال نے آج صبح زخمیوں کی عیادت کے لیے شمس آباد کے ٹریڈنٹ ہاسپٹل کا دورہ کیا اور زخمیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی عیادت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو تیقن دیا کہ ان کا علاج حکومت کی جانب سے کروایا جائے گا ۔ جناب محمد محمود علی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے پر دو تین مقامات پر سڑکیں چھوٹی ہیں ۔ ان مقامات کے اطراف مقدس مقامات ہونے کی وجہ سے ان سڑکوں کو جوں کا توں برقرار رکھا گیا تھا ۔ اس المناک سڑک حادثہ کے بعد اب حکومت جو اقتدار پر آکر صرف 15 دن ہوئے ہیں اس مسئلہ کا حل نکالے گی ۔ آئندہ کسی بھی سڑک حادثات کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے ۔ جس کے لیے عہدیداروں سے بھی بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد سے ہی وہ ڈاکٹروں سے مسلسل ربط میں تھے اور ان سے بہتر علاج کرنے کو کہا گیا ۔ جہاں جہاں سڑکوں پر مرمت کی ضرورت ہے اسے جنگی پیمانے پر انجام دینے کے لیے چیف منسٹر سے بات کی جائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے شمس آباد اے سی پی سدرشن سے حادثہ کے متعلق تمام تفصیلات بھی لیں ۔ اس موقع پر ایس ایم اسلم قادری ٹی آر ایس اسٹیٹ میناریٹی جنرل سکریٹری کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔۔
٭٭ راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے بھی دواخانہ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے مہلوکین اور زخمیوں کو ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ سڑک کی تعمیر و مرمت اور کشادگی کے لیے بھی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے ان کاموں کو جلد از جلد پورا کروانے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر آر گنیش گپتا تلگو یوتا ضلع صدر ، محمد جہانگیر خاں سابق ایم پی ٹی سی ممبر کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔
٭٭ شمس آباد سرپنچ راچا ملا سدیشور اور وینوگوڑ کانگریس منڈل صدر نے سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے شبیر احمد ساکن احمد نگر شمس آباد کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں دس ہزار روپئے دئیے ۔۔
٭٭ سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے ایک اور شخص محمد رفیق 30 سالہ ساکن ٹولی چوکی جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہیں انہیں تین لڑکیاں اور بیوہ ہے ۔ جنہیں ایکس گریشیا کے طور پر 5 لاکھ روپئے دینے کا ان کے افراد خاندان نے مطالبہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT