Monday , June 18 2018
Home / دنیا / تہران میں ریت کا طوفان ، پانچ افراد ہلاک

تہران میں ریت کا طوفان ، پانچ افراد ہلاک

تہران ۔ 3 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ایرانی عہدیداروں نے آج انتباہ دیا کہ مسلسل دوسرے دن بھی تہران میں ریت کا طوفان آسکتا ہے ، ایک دن قبل ناخوشگوار موسم کی وجہ سے تہران میں پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کل زبردست ریت کا طوفان آیا تھا اور تیزرفتار آندھی کی وجہ سے دارالحکومت تہران میں 15 منٹ تک گہری تاریکی چھا گئی تھی جبکہ یہ مصروفیات کے عروج کا وقت تھا ۔ ہزاروں افراد پناہ لینے کیلئے اِدھر اُدھر دوڑتے ہوئے دیکھے گئے تھے ۔ سرکاری خبررساں ادارہ ارنا کے نمائندوں نے کہا کہ پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایک شخص شدید زخمی ہے جسے ملبہ کے نیچے سے نکالا گیا ہے ، وہ اسپتال میں زیرعلاج ہے ۔ طوفان کے دوران 110 تا 120کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے درختوں کو جڑ سے اُکھاڑ دیا اور پورے دارالحکومت میں وزنی اشیاء کو بھی اُن کی جگہ سے دوسرے مقامات پر منتقل کردیا ۔ کاریں اپنی جگہ سے اُڑکر دوسرے مقام پر پہنچ گئیں جن میں لوگ اپنی اپنی ملازمت کیلئے جارہے تھے ۔ ریت کے طوفان اور تیز رفتار ہواؤں کی خبر پچاس سال بعد اخبارات میں شائع ہوئی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ موسم کی پیش قیاسی کرنے والوں پر تنقید کی گئی ہے جو پیشگی انتباہ دینے میں ناکام رہے ۔

نیپال میں بس حادثہ، 18 ہندوستانی
یاتری ہلاک ، 56 زخمی
کٹھمنڈو ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 18 ہندوستانی یاتری ہلاک اور 56 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ ایک بس پہاڑی سڑک پر پھسل کر 100 میٹر گہرائی میں مغربی نیپال کی ایک دریا میں گر پڑی۔ تمام 18 افراد جو حادثہ میں ہلاک ہوئے، ہندوستانی تھے اور بیشتر اترپردیش سے تعلق رکھتے تھے۔ ضلعی منتظم اعلیٰ رام بہادر پرم بانگ نے کہا کہ جملہ 56 افراد زخمی ہوئے جبکہ بس دریائے مادی میں گر پڑی جس میں جملہ 74 مسافر تھے۔ بس ڈرائیور ہیلپر اور ایک خاتون کے علاوہ باقی تمام ہندوستانی شہری تھے۔ 15 افراد برسرموقع اور 3 افراد مقامی ہاسپٹل میں دوران علاج فوت ہوگئے۔ 56 زخمیوں میں سے 13 کی حالت نازک ہے۔

TOPPOPULARRECENT