Saturday , December 15 2018

تیجسوی یادو کا حکومت بہار کے خلاف فرد جرم

پٹنہ ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن آر جے ڈی نے آج نتیش کمار حکومت پر فرقہ وارانہ کشیدگی پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر اپنی حلیف بی جے پی کے آگے خودسپردگی کرچکے ہیں۔ 72 صفحات پر مشتمل فردجرم جاری کرتے ہوئے قائد اپوزیشن ریاستی اسمبلی تیجسوی یادو نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم مدت کی این ڈی اے حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ ریاست کو ان میں سے کوئی بھی فائدہ حاصل نہیں ہوا جن کا بی جے پی نے پچھلے دروازہ سے اقتدار حاصل کرنے سے پہلے وعدہ کیا تھا۔ این ڈی اے مرکز اور بہار دونوں جگہ برسراقتدار ہے یعنی گاڑی کو دو انجن لگے ہوئے ہیں اس کے باوجود یہ حکومتیں ہر محاذ پر ناکام ہیں۔ نائب چیف منسٹر سشیل کمار مودی کو فردجرم میں ’’جھوٹی باتوں کا پلندہ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ نتیش کمار نے سنگھ مکت بھارت کا تیقن دیا تھا لیکن وہ منہ کے بل گر پڑے جو اب بی جے پی کی مدد کرنے میں مصروف ہیں تاکہ وپکش (اپوزیشن) مکت بھارت بنا سکیں۔ نتیش کمار 2015ء کے اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کے امیدوار کے طور پر عظیم اتحاد جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس اتحاد کے ٹکٹ پر برسراقتدار آئے تھے۔ تاہم انہوں نے اتحاد سے ترک تعلق کرلیا اور بی جے پی کے ساتھ گذشتہ سال جولائی میں حکومت قائم کی جبکہ یادو کے خلاف کرپشن کے مقدمے دائر کئے گئے جو ان دنوں ڈپٹی چیف منسٹر تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT