Tuesday , November 21 2017
Home / دنیا / تیزرفتار ہواؤں اور بارش کے ساتھ طوفان ’ارما‘ فلوریڈا پہنچا

تیزرفتار ہواؤں اور بارش کے ساتھ طوفان ’ارما‘ فلوریڈا پہنچا

ہندوستانی اسوسی ایشنس محفوظ پناہ گاہیں اور غذا کی فراہمی میں مصروف ‘ 24گھنٹے ہیلپ لائن کا قیام
فورٹ میرس، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیوبا میں بھاری تباہی مچانے کے بعد گردابی طوفان ارما امریکہ کے فلوریڈا صوبے کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے اور اس کے اثر سے جنوب میں واقع جزائر کے گروپ ‘فلوریڈا کیز’ میں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں ۔فلوریڈا گورنر ریک اسکاٹ نے بتایا کہ ارما کی وجہ سے 210 کلومیٹر کی رفتار پر ہوائیں چل رہی ہیں۔ میامی میں بھاری بارش شروع ہوگئی ہے ۔ ارما کی آہٹ کے پیش نظر انتظامیہ نے ریاست کے لوگوں سے اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ جگہوں پر جانے کے لئے کہا ہے ۔ ہزاروں لوگوں نے ہنگامی کیمپوں میں پناہ لے لی ہے اور بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے ۔امریکی قومی طوفان مرکز (این ایچ سی) نے بتایا کہ گردابی طوفان ارما سے سب سے زیادہ ٹیمپا اور سینٹ پیٹرز برگ شہروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ارما کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں 12 فٹ اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ارما کے پیچھے گردابی طوفان ‘ہوسے ‘ بھی آ رہا ہے ، جو چوتھے درجے کا طوفان ہے ۔ اس کی وجہ سے 230 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے ہو چل رہی ہے ۔ یہ طوفان ارما کے راستے پر چل رہا ہے ، اور ارما سے متاثرہ کیریبین جزائر میں اس سے امدادی کام میں خلل پیدا ہو رہا ہے ۔کیریبین علاقوں میں فرینچ جزائر سینٹ مارٹنس اور سینٹ بارتھے لیمي میں ارما کے بعد گردابی طوفان’ ھوسے” کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ ان جزائروں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔پوری ریاست فلوریڈا میں تقریباً ایک لاکھ 20ہزار ہندوستانی نژاد امریکی مقیم ہیں ۔ جب کہ ان میں ہزاروں فی الحال خطرناک علاقوں میامی ‘ فورٹ لاڈر ڈیل اور ٹمپا میں مقیم ہیں ۔ میامی اور ٹمپا بھوتوں کے شہر بن گئے ہیں کیونکہ مقامی افراد اعصاب زدہ ہوگئے ہیں ۔

بیشتر اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہورہے ہیں اور محفوظ علاقوں کو منتقل ہورہے ہیں ۔ قومی موسمیات خدمات کے بموجب ’ارما‘‘ جلد ہی تیسرے زمرے کا سمندری طوفان بن جائے گا اور اس کی شدت 12گھنٹے برقرار رہے گی ۔ توقع ہے کہ یہ طاقتور طوفان امریکہ کے اصل علاقہ سے مقامی وقت کے مطابق 7بجے صبح ٹکرائے گا ۔ فلوریڈا کے اہم علاقوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے اور 127کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہے ۔ ہندوستانی سفارت خانہ برائے امریکہ 24گھنٹے کھلا رکھا جائے گا اور ہیلپ لائن سے تازہ ترین خبریں فراہم کی جائیں گی جو ہندوستانی نژاد امریکی اس علاقہ میں پھنسے ہوئے ہیں وہ ہیلپ لائن نمبر 202-258-8819 سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ ہندوستان کے قونصل جنرل برائے نیویارک سنگیت چکراورتی نے کہا کہ وہ اٹلانٹا میں ہیں اور راحت رسانی کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ 24گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ امریکہ کیلئے ہندوستانی سفیر نوتیج سرنا بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن برائے امریکہ نے کنگسٹن میں 24گھنٹے ہیلپ لائن خدمات کا انتظام کیا ہے ۔ اٹلانٹا کے ہندوستان دوست نامی اسوسی ایشن نے قونصل جنرل ‘ گجرات سماج اور ہندو مندر تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ساتھ بے گھر لوگوں کو پناہ گاہیں فراہم کرنے میں مصروف ہیں ۔ وہ غذا بھی فراہم کریں گے ‘ کئی ہندوستانی تاجروں نے راحت رسانی کی کوششوں میں حصہ لینا شروع کردیا ہے ۔ سمندری طوفان جزائر کیریبین کو پہلے ہی تباہ کرچکا ہے ۔ اس سمندری طوفان سے تاحال 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ ونیزویلا کے ہندوستانی سفارت خانہ کے بموجب ونیزویلا کا ساحلی علاقہ بھی متاثر ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT