Wednesday , October 24 2018
Home / Top Stories / تیسرے محاذ کیلئے کے سی آر کی تجویز پر زبردست رد عمل

تیسرے محاذ کیلئے کے سی آر کی تجویز پر زبردست رد عمل

ممتابنرجی ‘ ہیمنت سورین ‘ پون کلیان اور دوسروں نے حمایت کی ۔ مہاراشٹرا کے تین ایم پیز کا بھی ربط

حیدرآباد 4 مارچ ( پی ٹی آئی ۔ این ایس ایس ) قومی سیاست میں تبدیلی اور تیسرے محاذ کی حمایت کرنے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی تجویز ٖر زبردست حمایت مل رہی ہے اوربعض غیر متوقع گوشے بھی ان کی حمایت میں آگے آئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کل ہی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تیسرے محاذ کے قیام کیلئے کوششیں کرینگے اور قومی سیاست میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جائیگی ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی ‘ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈڑ ہیمنت سورین اور آندھرا پردیش میں جنا سینا کے لیڈر پون کلیان نے بھی چیف منسٹر کے خیال کی حمایت کی ہے ۔ آج ممتابنرجی نے قومی سیاست میں تبدیلی لانے کی کوششوں میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ ممتا نے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کے سی آر کی تجویز کی مکمل حمایت کرتی ہیں اور اس بات سے اتفاق رکھتی ہیں کہ ملک کی سیاست میں ایک معیاری تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر و سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کے علاوہ مہاراشٹرا کے بھی دو ارکان پارلیمنٹ نے چندر شیکھر راؤ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں ممتابنرجی کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ ’’ ہم آپ سے اتفاق کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ رہیں گے ‘‘ ۔ ٹی آر ایس صدر نے کل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ قومی سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تاکہ اس میں تبدیلی لائی جاسکے ۔ انہوں نے دعوی کیا تھا کہ وہ ہم خیال جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ملک کی آزادی کو 70 سال ہوگئے ہیں لیکن آج بھی مسائل برقرار ہیں جبکہ چین نے تین دہوں میں مثالی ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ عوام تبدیلی کے منتظر ہیں۔ عوام کو امید تھی کہ کانگریس اقتدار کے خاتمہ کے بعد بی جے پی کے دور میں کچھ نیا ہوگا تاہم ایسا نہیں ہوا اور ایسا تیسرے محاذ میں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم اس ملک سے تعلق نہیں رکھتے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت جاری ہے اور اس میں کوئی راز بھی نہیں ہے ۔ آج ایک پریس کانفرنس میں اداکارسے سیاستدان بننے والے جنا سینا پارٹی کے بانی پون کلیان نے بھی چندر شیکھر راؤ کے بیان کی حمایت کی ہے اور کہا کہ وہ بھی ان کی تائید کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے دو ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ مختلف شعبہ جات حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے بھی کے سی آر سے فون پر بات چیت کی ہے اور ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اعلامیہ میں تاہم ارکان پارلیمنٹ اور ان کی جماعتوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔ ایک اور اطلاع میں کہا گیا ہے کہ تین ارکان پارلیمنٹ نے کے سی آر سے بات کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT