Wednesday , October 24 2018
Home / شہر کی خبریں / تیسرے محاذ کی تجویز پر مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ

تیسرے محاذ کی تجویز پر مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ

سبکدوش آئی اے ایس ‘آئی پی ایس و دیگر عہدیداروں سے کے سی آر ملاقات کرینگے
حیدرآباد ۔5مارچ ( سیاست نیوز) ایک غیر بی جے پی و غیر کانگریسی محاذ کی تجویز پیش کرنے کے بعد اب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے خیال کو تقویت دینے قومی منظرنامہ کے مطابق مشاورت کا عمل شروع کرنا چاہتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ کا خیال یہ ہے کہ جو لوگ ملک و قوم کے بارے میں مختلف انداز سے سوچ رہے ہیں انہیں سیاست میں معیاری تبدیلی لانے کے عمل میں حصہ دار بنایا جائے ۔ چیف منسٹر نے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ دلتوں اور کسانوں کی بہتری کیلئے ایک غیر کانگریسی و غیر بی جے پی محاذ بنایا جانا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں ابتدائی کوشش کے طور پر چندر شیکھر راؤ نے ملک کے ریٹائرڈ آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس ‘ آئی ایف ایس ‘ آئی آر ایس عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرنے ان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قومی اور مختلف ریاستوں میں برسوں خدمات انجام دیتے ہوئے ریٹائرڈ ہونے والے آل انڈیا سرویس عہدیداروں سے ملاقات کرنے کا ایجنڈہ تیار کیا ہے ۔ اس کے بعد وہ فوج کے تینوں شعبوں بحری ‘ بری اور فضائیہ میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے کر ریٹائرڈ ہونے والے اعلیٰ عہدیداروں اور مختلف ایمپلائیز تنظیموں سے بھی ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ساتھ ہی ملک کے ماہرین قانون ‘ مشہور وکلاء ‘ آل انڈیا کسان تنظیموں مختلف ریاستوں میں خدمات انجام دینے والے کسان تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے ریٹائرڈ ایمپلائیز تنظیموں ‘ میڈیا کے اداروں اور صحافیوں ‘ صنعتکاروں ‘ لیبر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ یہ اجلاس حیدرآباد ‘ دہلی ‘ کولکتہ ‘ ممبئی ‘ چینائی اور بنگلور میں منعقد کئے جائیں گے ۔ اسکے علاوہ چیف منسٹر کے سی آر نے سماج کے مختلف طبقات کے نمائندوں سے سلسلہ وار ملاقاتیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک اور عوام کی سلامتی چاہنے والوں سے ملاقات کرکے ان کی رائے مشورے سے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت کے علاوہ مختلف ریاستوں میں خدمات دینے والے فینانس سکریٹریز سے ملاقات کا کے سی آر نے فیصلہ کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT