Tuesday , December 11 2018

تیسرے ونڈے میں انگلینڈ کی نیوزی لینڈ پر فتح

ولیمسن کی سنچری رائیگاں ، معین علی میان آف دی میچ
ویلنگٹن، 03 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کپتان کین ولیمسن (ناٹ آؤٹ 112) کی شاندار 11 ویں سنچری کے باوجود نیوزی لینڈ کو یہاں ہفتہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 2۔1 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔انگلینڈ نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں 234 رن کا باعزت اسکور بنایا۔235 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم باقاعدہ وقفے پر وکٹ گنوانے کے سبب مقررہ 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 230 رن ہی بنا سکی اور اس چار رن سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ولیمسن نے آٹھویں نمبر کے بلے باز مشیل سیٹنر (41) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 96 رن کی ساجھے داری کی۔لیکن یہ شراکت کیوی ٹیم کو فتح دلانے کے لئے کافی نہیں تھی۔ولیمسن نے 143 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 112 رنز کی ناٹ آؤٹ سنچری بنائی۔انہوں نے ون ڈے کیریئر کی 11 ویں سنچری بنائی۔کپتان ولیمسن نے کولن منرو (49) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 68 رن کی ساجھے داری کی ۔منرو نے 62 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز میں نو چوکے لگائے ۔سیٹنر نے 54 گیندوں پر تین چوکوں کی بدولت 41 رن کا تعاون دیا۔کیوی ٹیم کے سات بلے باز کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔انگلینڈ کے لئے مین آف دی میچ معین علی نے 36 رن پر تین وکٹ، عادل راشد نے 34 رن پر دو وکٹ اور کرس ووکس نے 40 رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔
اس سے پہلے انگلینڈ نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان مورگن کے 48 اور بین اسٹوکس 39 کی مفید اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوور میں 234 رن کا قابل احترام اسکور بنایا۔ مورگن نے 71 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اسٹوکس نے 73 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 39، وکٹ کیپر جوس بٹلر نے 29، معین علی نے 23 اور جو روٹ نے 20 رنز بنائے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈھی نے 53 رن پر تین وکٹ، ٹرینٹ بولٹ نے 47 رن پر دو وکٹ، اور کولن ڈی گرینڈھوم اور ٹم ساؤدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

TOPPOPULARRECENT