Tuesday , July 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / تین مرتبہ کی چمپئن ممبئی کو آج آئی پی ایل سے اخراج کا خطرہ

تین مرتبہ کی چمپئن ممبئی کو آج آئی پی ایل سے اخراج کا خطرہ

ممبئی۔15 مئی(سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں شاندار آغاز کرنے والی کنگز الیون پنجاب اپنے آخری چھ میں سے پانچ میچ گنواکر اپنے محفوظ تیسرے مقام سے کھسک کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور پلے آف میں پہنچنے کے لیے ابھی اس کے پاس کل ممبئی انڈینس کے خلاف میچ میں فتح کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے ۔پنجاب کو گزشتہ میچ میں دہانے پر کھڑی ویراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 10 وکٹ کی شرمناک شکست کھانی پڑی تھی جس کے بعد وہ تیسرے نمبر سے کھسک کر پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہے ۔پنجاب نے اپنے گزشتہ چھ میں سے پانچ میچ گنوائے ہیں۔اس نے راجستھان، کولکتہ اور بنگلور کے خلاف مسلسل تین میچ ہارنے کی ہیٹ ٹرک بھی لگا لی ہے اور اب ناک آؤٹ میں اس کے لئے باقی دونوں میچ جیتنا لازمی ہو گئے ہیں ۔روی چندرن اشون کی کپتانی والی پنجاب کی ٹیم 12 میچوں میں چھ فتوحات اور چھ شکست کے ساتھ 12 نشانات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔اس کے لیے سیدھا ٹکراؤ ابھی تیسرے نمبر کی کولکتہ اور چوتھے نمبر کی راجستھان سے ہے جن کے یکساں 12 میچوں میں 12 پوائنٹس ہیں۔وہیں ممبئی انڈینس 12 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے اور اگر روہت شرما کی کپتانی میں تین مرتبہ کی چمپئن یہ ٹیم اگلا میچ ہارتی ہے تو وہ ٹورنمنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ممبئی کی ٹیم نے اس سال کافی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ میچ میں وہ اپنے گھریلو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھی راجستھان رائلس کے خلاف سات وکٹ سے میچ گنوا بیٹھی تھی۔آئی پی ایل کی سب سے زیادہ کامیاب ٹیم ممبئی تین مرتبہ کی چمپئن ہے لیکن رواں سیزن میں اس کے کھیل میں عدم استقلال اس کی ناکامی کی وجہ بنی۔اسٹار کھلاڑیوں سے لیس ٹیم راجستھان کے خلاف اپنے 168 رنز کے تسلی بخش اسکور کا بھی دفاع نہیں کر سکی ۔وہیں پنجاب بھی گزشتہ مسلسل شکست کے بعد دباؤ میں ہے اور بنگلور کے خلاف ٹیم 15.1 اوور میں 88 رنز پر ہی جس طرح ڈھیر ہو گئی تھی اس کے بعد تو ٹیم اور بھی نفسیاتی دباؤ میں نظر آرہی ہے ۔ٹیم کے طوفانی اوپنر کرس گیل کا طوفان بھی اہم پڑاؤ پر ٹھنڈا دکھائی دے رہا ہے جنہوں نے گزشتہ چار میچوں میں 18، 21، 1 اور8 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کے لئے ضروری موقعوں پر مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔اچھی فارم میں چل رہے اوپنر لوکیش راہول پر ٹیم رنز کے لئے سب سے زیادہ منحصر ہے اور گزشتہ میچ میں ان کے 21 رن پر سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد کوئی دوسرا کھلاڑی اسکور نہیں کر سکا۔راہول 12 میچوں میں 558 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر گیل ہیں جنہوں نے نو میچوں میں 350 رن بنائے ہیں۔نائر12 میچوں میں22.45 کی اوسط سے247 رنز ہی بنا سکے ہیں اور اس کے علاوہ ٹیم کے پاس کوئی بڑا اسکورر نہیں ہے ۔وہیں بولروں میں اینڈریو ٹائی20 وکٹ اور مجیب الرحمن14 وکٹ کے ساتھ سب سے کامیاب ہیں لیکن دوسرے کھلاڑی توقعات پر بہت کھرے نہیں اترے ہیں۔ممبئی کا موقف بھی مختلف نہیں ہے ۔اس کے کپتان روہت گزشتہ میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 12 میچوں میں 26 کی اوسط سے 267 رن ہی بنائے ہیں۔اگرچہ سوریہ کمار یادو کی کارکردگی مسلسل اچھی رہی ہے جن کے اتنے میچوں میں 473 رنز ہیں اور وہ سب سے زیادہ کامیاب اسکورر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT