Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تین مسلم نوجوانوں پر ملک کیخلاف جنگ چھیڑنے کا مقدمہ ‘ جیل منتقلی

تین مسلم نوجوانوں پر ملک کیخلاف جنگ چھیڑنے کا مقدمہ ‘ جیل منتقلی

نامپلی کریمنل کورٹ میں پیشی پر 14یوم کی عدالتی تحویل‘ ایس آئی ٹی کا تینوں نوجوانوں کو تصدیقی اقدام میں ناگپور لیجانے کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) داعش میں شمولیت کرنے والوں کی کوشش کو ناکام کرنے کے بعد اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے آج انہیں تعزیراتِ ہند کی سخت دفعات کے تحت گرفتار کرتے ہوئے انہیں 14 یوم (11 جنوری تک) کیلئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ عبداللہ باسط ، سید عمر فاروق حسینی اور ماجد حسین عرف معاذ حسن فاروقی کے خلاف ایس آئی ٹی نے ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں مزید تحقیقات کیلئے اپنی تحویل میں لینے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی ۔گرفتار نوجوانوں کو نامپلی کریمنل کورٹ کے XII ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا تھا اور بعدازاں انہیں چیرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا۔  ذرائع نے بتایا کہ ناگپور ایرپورٹ پر حراست میں لئے جانے اور انہیں حیدرآباد منتقل کرنے کے بعد مذکورہ تین نوجوانوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 121 (ملک کیخلاف جنگ چھیڑنا) ، قانون انسداد غیرقانونی سرگرمیاں کی دفعہ 13 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران مذکورہ نوجوانوں نے انٹلیجنس اور ایس آئی ٹی عہدیداروں کو بتایا کہ انہوں نے ’’انشاء اللہ کشمیر‘‘ ڈاکومینٹری فلم سے متاثر ہوکر کشمیری نوجوانوں پر ڈھائے گئے مظالم کے خلاف جہاد کرنے کا ارادہ کیا تھا جس کے تحت 24 ڈسمبر کو اپنے آبائی مقام نلگنڈہ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد وہ کشمیر کیلئے اپنی موٹر سائیکلوں پر روانہ ہوگئے، لیکن سرد موسم کے باعث عادل آباد میں اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر کار میں ناگپور (مہاراشٹرا) پہونچے جہاں پر انڈیگو فلائیٹ کا ٹکٹ بُک کرایا۔ 25 ڈسمبر کو گرفتار نوجوانوں نے وقت گذاری کیلئے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی حالیہ ریلیز فلم ’’دل والے‘‘ اور ہالی ووڈ کی فلم ’’اسٹار وارس‘‘ بھی دیکھی۔ 26 ڈسمبر کو 8 بجکر 10 منٹ پر بذریعہ فلائیٹ روانہ ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ مہاراشٹرا کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے انہیں حراست میں لے کر تلنگانہ کی انٹلیجنس عملہ کے حوالے کردیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی عنقریب تینوں نوجوانوں کو اپنی حراست میں لے کر ناگپور لے جائے گی تاکہ وہاں کے سنیما گھروں کے سی سی ٹی وی فوٹیجس کے علاوہ دیگر شواہد بھی اکٹھا کئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی معاذ حسین فاروقی اور عمر فاروق حسینی کو داعش میں شمولیت کے مقصد سے بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہونے پر انہیں کولکتہ میں حراست میں لے کر حیدرآباد منتقل کیا تھا اور والدین کی موجودگی میں ان کی کونسلنگ کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT