Wednesday , July 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / ت2020تک پاکستان میں کرکٹ بحال ہوگی:پی سی بی

ت2020تک پاکستان میں کرکٹ بحال ہوگی:پی سی بی

کراچی ۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے 2020 تک مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے۔ورلڈ ٹی20 چیمپیئنز کے خلاف 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے بعد پاکستان کے ساحلی شہر میں 9 سال کے طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی جہاں سخت سیکیورٹی اور شدید گرمی کے باوجود شائقین کرکٹ نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کر کے کھیل کے لیے اپنا جوش و جذبہ ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز کو بھی کامیاب بنایا۔گزشتہ ماہ کراچی نے پاکستان سوپر لیگ کے فائنل کی میزبانی کی جس نے شہر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کی راہ ہموار کی جہاں 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں کیے گئے حملے کے بعد سے شہر پر بھی عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ان اقدامت کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں، ہم اگلے سال مزید پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی اگلے سال تک تمام ہی بڑی انٹرنیشنل ٹیموں کے صف اول کے کرکٹرز پاکستان آ کر کھیلنے پر رضامند ہو جائیں گے جس کی بدولت ہم ان کے بورڈ کو 2020 میں مکمل سیریز پاکستان میں کھیلنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔جہاں پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر اکثر لوگ خوش نظر آتے ہیں وہیں چند لوگ کرکٹ کی اس انداز میں واپسی پر زیادہ خوش نہیں۔پاکستان کو 1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان عمران خان نے صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکانیں اور روڈ بند کرا کر میچز کا انعقاد کر کے بیرون ملک کس طرح کا امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں؟۔تاہم حقیقت یہ ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ سیکیورٹی کی صورتحال بتدریج بہتر سے بہترین ہو رہی ہے جس سے غیرملکی کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بحال ہونا شروع ہوا ہے ۔اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی نظریں بڑی ٹیموں کی میزبانی پر مرکوز ہیں جہاں بورڈ آئندہ سال جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کی میزبانی کی توقع کر رہا ہے جبکہ پاکستان کی وزیر داخلہ احسن اقبال انگلینڈ کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT