Sunday , October 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / ثانیہ مرزا کا سرجری کروانے پر غور

ثانیہ مرزا کا سرجری کروانے پر غور

ممبئی۔14 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کی سرفہرست ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ یہ سال ان کے لئے مشکل رہا ہے اور وہ اپنے گھٹنے کی چوٹ کی سرجری کروانے کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کریں گی۔ثانیہ نے یہاں انڈین اسپورٹ آنرس ایوارڈس کے موقع پر کہا کہ میرے لئے یہ سال مشکل رہا جس میں میرے جوڑی دار زخمی ہوتے رہے اور مجھے بھی گھٹنے کی چوٹ کا سامنا رہا۔ میں تقریباً ایک ماہ سے ٹینس سے دور ہوں۔میرے پاس آرام کے لئے دو ہفتے ہیں۔عالمی ڈبلز رینکنگ میں سال کا اختتام بارہویں نمبر پر کرنے جارہی ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں کوشش کررہی ہوں اور مجھے دیکھنا ہوگا کہ سرجری کی ضرورت ہے یا نہیں۔ ہاں مجھے تھوڑی پریشانی ضرور ہے لیکن میرے لئے یہ اچھی بات ہے کہ میں سال کا اختتام ٹاپ10 کے آس پاس کے مقام کے ساتھ کررہی ہوں۔ میں اس سال کے نتائج سے خوش ہوں۔گزشتہ پانچ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ثانیہ سال کے اختتام پرٹاپ10 مقام سے باہر رہیں گی۔ ہندوستانی اسٹار اکتوبر کے آغاز میں چائنا اوپن میں کھیلی تھیں اور اپنی جوڑی دار شوائی پینگ کے ساتھ سیمی فائنل تک پہنچی تھیں۔ اپنے گھٹنے کے درد سے پریشان ثانیہ نے پھر باقی سیزن میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈبلیو ٹی اے فائنلس کی دوڑ میں شامل نہیں ہوپائیں۔ثانیہ کو دستبرداری کا نقصان درجہ بندی میں اٹھانا پڑا جس سے اب وہ اس سیزن کا اختتام ٹاپ10 سے باہر رہ کر کریں گی۔ ثانیہ نے 2016 کا اختتام نمبر ایک،2015 میں نمبر ایک،2014 میں نمبر چھ اور2013 کا اختتام نمبر9 پرکیا تھا۔ اس سے پہلے انہوں نے آخری مرتبہ سیزن کا اختتام ٹاپ10 سے باہر رہتے ہوئے2012 میں کیا تھا جب وہ12 ویں مقام پر رہی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT