Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / ثانیہ مرزا کو باوقار راجیو گاندھی کھیل رتن کی پیشکشی

ثانیہ مرزا کو باوقار راجیو گاندھی کھیل رتن کی پیشکشی

کرکٹر روہت شرما کے بشمول 17 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈس ، راشٹرپتی بھون میں تقریب
نئی دہلی۔ 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو آج ملک کا باوقار اسپورٹس اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن دیا گیا جبکہ کرکٹر روہت شرما ، ہاکی پلیر پی آر سری جیش اور ماہر نشانہ باز جیتو رائے ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے یہ ایوارڈس پیش کئے۔ ثانیہ مرزا نے میرون رنگ کی ساڑی اور نیلا بلیزر زیب تن کر رکھا تھا اور دربار ہال میں تالیوں کی گونج میں پہنچ کر انہوں نے یہ باوقار ایوارڈ حاصل کیا۔ وزیر اسپورٹس سرب نند سونوال کے بشمول دیگر کئی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹینس کے شعبہ میں لینڈر پیئس کے بعد ثانیہ مرزا ملک کا اعلیٰ ترین اسپورٹس اعزاز حاصل کرنے والی دوسری کھلاڑی بن گئی ہیں۔

اس سے ایک دن پہلے تک وزارت اسپورٹس کو ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کے سلسلے میں عدالتی مقدمہ کا سامنا تھا۔ صدرجمہوریہ نے کرکٹر روہت شرما کو ان کی غیرحاضری میں ارجن ایوارڈ دیا۔ اسی طرح باکسر مندیپ جنگرا اور کوارٹر مائلر ایم آر پواماں کو بھی یہ ایوارڈس دیئے گئے۔ جسٹس (ریٹائرڈ) وی کے بالی کی زیرقیادت پیانل نے ارجن ایوارڈ کے لئے 17 ناموں کی سفارش کی تھی۔ آج کی اس تقریب میں ثانیہ مرزا مرکز توجہ تھیں جنہیں ایک سند اور 7.5 لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا گیا۔ یہ ایوارڈ حاصل کرتے ہی وہ امریکہ روانہ ہوگئی جہاں دوشنبہ سے نیویارک میں یو ایس اوپن کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ ارجن ایوارڈ یافتگان کو توصیفی سند کے علاوہ فی کس 5 لاکھ روپئے نقد انعام دیا گیا ہے۔ اس تقریب پر کئی تنازعات بھی چھائے رہے کیونکہ اتھلیٹس اور کوچیس کو  وزارت کی جانب سے مقرر کردہ پیانل کی سفارشات میں نظرانداز کرنے کی شکایات پیدا ہوگئی تھیں۔ آخرکار جب تمام ناموں کو قطعیت دی گئی تب پیرا اتھلیٹ ایچ این گریشا نے کرناٹک ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر ثانیہ مرزا کو کھیل رتن کی سفارش کو چیلنج کیا تھا۔ انہیں اب بھی توقع ہے کہ کھیل رتن دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ایک اور مقدمہ بھی عدالت میں زیردوران ہے جبکہ ریسلنگ کوچ ونود کمار نے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر یہ دعویٰ کیا کہ ڈرونا چاریہ ایوارڈ کیلئے وہ حریف انوپ سنگھ سے زیادہ مستحق ہیں۔ اس بارے میں عدالت کا فیصلہ توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں سنایا جائے گا۔

کھیل رتن سے مزید محنت کاحوصلہ ملیگا ، ثانیہ کا ردعمل
صدرجمہوریہ سے کھیل کیلئے ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنے کے بعد نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ سے بات چیت میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ راجیو گاندھی کھیل رتن عطا کیا جانا ’’بہت بڑا اعزاز‘‘ ہے اور یہ اعتراف انھیں پروفیشنل ٹور اور آئندہ سال کے ریو اولمپکس میں اچھا مظاہرہ کرنے کیلئے مزید حوصلہ بخشے گا۔ ’’یہ سال ابھی تک نہایت حیرت انگیز رہا ہے ، عالمی نمبر ایک بننا اور ومبلڈن جیتنا بھی بلاشبہ شاندار رہا ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT