Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ثانیہ مرزا کو راجیو گاندھی کھیل رتن کا اعزاز یقینی

ثانیہ مرزا کو راجیو گاندھی کھیل رتن کا اعزاز یقینی

نئی دہلی ، 11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا کا ایسی اولین خاتون ٹینس کھلاڑی بن جانا یقینی ہوچلا ہے جنھیں ہندوستان کا اعلیٰ ترین اسپورٹس ایوارڈ ’’راجیو گاندھی کھیل رتن‘‘ عطا کیا جائے گا، ایک پرائیویٹ نیوز چیانل نے یہ اطلاع دی ہے۔ ثانیہ صرف دوسری ٹینس کھلاڑی ہیں جنھیں لینڈر پیس کو 1996-97ء کے بعد سے یہ باوقار ایوارڈحاصل ہونے جارہا ہے۔ قبل ازیں اس ماہ اسپورٹس منسٹری نے ومبلڈن ڈبلز چمپئن کی اس ایوارڈ کیلئے سفارش کی تھی لیکن یہ واضح بھی کردیا تھا کہ قطعی فیصلہ کا انحصار صرف ایوارڈز کمیٹی پر ہے۔ ثانیہ نے اپنے کریئر کا اولین ویمنس ڈبلز گرانڈ سلام ٹائٹل سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگس کے ساتھ جولائی میں جیتا تھا۔ وہ گراس کورٹ میجر جیتنے سے قبل عالمی نمبر ایک بھی بن گئیں ۔ ثانیہ جنھوں نے اپنے کریئر میں تین مکسڈ ڈبلز گرانڈ سلام خطابات جیتے ہیں، انھیں بتایا جاتا ہے کہ اس باوقار اعزاز کیلئے اسکواش کھلاڑی دیپکا پلیکل اور ڈسکس تھروور وکاس گوڑا کے ساتھ مسابقت درپیش ہے۔ ثانیہ نے 2014ء ایشین گیمز میں گولڈ میڈل اور برونز میڈل ترتیب وار مکسڈ اور ویمنس ڈبلز کے زمروں میں جیتے ہیں۔ ثانیہ کو ارجن ایوارڈ 2004ء میں حاصل ہوا تھا جبکہ دو سال بعد انھیں ہندوستان کے چوتھے بڑے سیویلین اعزاز  …  پدم شری سے نوازا گیا۔ ثانیہ نے مکسڈ ڈبلز خطابات آسٹریلین اوپن (2009ء)، فرنچ اوپن (2012ء) اور یو ایس اوپن ( 2014ء) میں بھی جیتے اور موجودہ طور پر عالمی نمبر 1 رینک کی حامل ڈبلز کھلاڑی ہیں۔ حیدرآبادی اسٹار ثانیہ کے نام کے ساتھ صرف یہ مندرجہ بالا کامیابیاں ہی نہیں، بلکہ انھوں نے ٹینس میں بالخصوص ویمنس سیکشن کو ہندوستان میں نیا مقام دلایا اور بلندی تک پہنچایا۔ انھوں نے گرانڈ سلام اعزازات کے علاوہ بھی متعدد ٹائٹل جیتے ہیں مختلف ٹیم مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ ثانیہ مرزا کو ہندوستان کی ’’ٹینس کوئین‘‘ کہنا بالکل درست ہے!

Top Stories

TOPPOPULARRECENT