Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ثقلین مشتاق انگلینڈ کے اسپن باؤلنگ کوچ مقرر

ثقلین مشتاق انگلینڈ کے اسپن باؤلنگ کوچ مقرر

لندن ۔25 (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اسپن باؤلنگ کوچ مشیر کے طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرلیں۔ ثقلین نے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے میری خدمات 2 سال کیلئے حاصل کی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ میرا بنیادی کام انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے لیکن میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کام کروں گا۔
ثقلین جو اس سے قبل نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں، نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ کا اسپن شعبہ ان کی زیر نگرانی بہتر کارکردگی دکھائے گا۔عادل رشید اور معین علی بہت باصلاحیت ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں پہلے ہی اپنا نام بنا چکے ہیں، دونوں نے دورہ ہندوستان کے دوران انگلینڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھائی اور مجھے امید ہے کہ میں مزید کامیابی کی طرف ان کی رہنمائی کروں گا۔ثقلین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صرف ایک مرتبہ گذشتہ برس ان سے کوچنگ کے سلسلے میں رابطہ کیا لیکن چند کالز اور ایس ایم ایس کے بعد مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔اگر لوگ پوچھتے ہیں کہ ثقلین پی سی بی کے ساتھ کام کیوں نہیں کرتا تو یہ وہ سوال ہے، جسے پی سی بی سے پوچھا جانا چاہیے، انھوں نے صرف ایک مرتبہ مدثر نذر کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انھیں پی ٹی وی اسپورٹس پر بحیثیت تجزیہ نگار میری شرکت پر اعتراض ہے، لیکن اس معاملے کو حل کیا جاسکتا تھا، لیکن انھوں نے چند کالز اور میسجز کے بعد مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔سابق آف اسپنر نے کہا  کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آنے والی سیریز دلچسپ ثابت ہوگی۔انھوں نے کہا،پاکستان کی ٹسٹ ٹیم زیادہ متوازن ہے، اس سلسلے میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا اور پاکستان کے یاسر شاہ اور ویسٹ انڈیز کے بشو اہم کردار ادا کریں گے۔میں بشو کے ساتھ کام کرچکا ہوں، وہ بہت محنتی ہے اور دبئی میں سیریز کی طرح وہ پاکستان کے لئے بھی مشکل بولر ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ یاسر شاہ پاکستان کی فتح کے امکانات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT