Sunday , November 19 2017
Home / سیاسیات / جئے للیتا کی موت کے بعد مخالفین کو موقع نہ دیا جائے

جئے للیتا کی موت کے بعد مخالفین کو موقع نہ دیا جائے

دشمن پارٹی کے مضبوط قلعہ میں نقب لگانے کوشاں۔ انا ڈی ایم کے لیڈر ششی کلا کا پیام
چینائی 16 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی سربراہ وی کے ششی کلا نے آج اپنی پارٹی کے قائدین و کارکنوں سے کہا وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ’ دشمن ‘ ( سیاسی مخالفین ) ان کی پیشرو جئے للیتا کے اچانک انتقال سے پیدا ہوئے بحران کا استحصال کرنے میں کامیاب نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے قائدین و کارکنوں کے محبت بھرے اصرار پر پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی ہے ۔ انا ڈی ایم کے کے بانی ایم جی رامچندرن کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پارٹی قائدین و کارکنوں کے نام ایک پیام میں ششی کلا نے کہا کہ جئے للیتا کی موت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کسی سے پر نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ کوئی بھی انقلابی لیڈر جئے للیتا کی موت سے پیدا ہوئے خلا کو پر نہیں کرسکتا لیکن پارٹی کے کروڑوں ورکرس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے ۔ پارٹی کارکن ہی پارٹی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ دشمن کو جئے للیتا کی اچانک موت سے پیدا ہوئے بحران کے استحصال کا موقع نہ مل جائے ۔ ششی کلا نے کہا کہ جئے للیتا اکثر سخت محنت اور وفاداری کا صلہ دینے میں شہرت رکھتی تھیں اور پارٹی میں اب بھی وہی بات معنی رکھے گی ۔ ذات پات یا دوسرے معاملات کو کوئی اہمیت نہیں دی جائیگی اور پارٹی کے نچلی سطح کے قائدین بھی اسی سخت جدوجہد اور وفاداری کے ذریعہ بلندی تک پہونچ سکتے ہیں۔ جئے للیتا کے ساتھ 33 سالہ دوستی کا تذکرہ کرتے ہوئے ششی کلا نے کہا کہ ان کا واحد مقصد سابق چیف منسٹر کی بھلائی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ وہ اپنی مابقی زندگی 33 سال کی یادوں کے سہارے گذار سکتی تھیں لیکن انہوں نے عوامی زندگی کیلئے خود کو وقف کرنے کا فیصلہ کرلیا کیونکہ وہ پارٹی کو آگے بڑھانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسی وجہ سے پارٹی قائدین و کارکنوں کے محبت بھرے فیصلے کو قبول کیا اور پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اب بھی اسی محبت و حصار کو محسوس کرسکتے ہیں جو جئے للیتا نے انہیں فراہم کیا تھا ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انا ڈی ایم کے کے کارکن کامیابی کے اس راستہ پر گامزن رہیں گے جو ان کیلئے آنجہانی جئے للیتا نے چنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ دشمن پارٹی کے مضبوط قلعہ میں نقب لگانے کوشاں ہے اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا انہیں کوئی کامیابی مل سکتی ہے ۔ ششی کلا نے کہا کہ پارٹی ورکرس کو سخت محنت اور جدوجہد سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے عزائم کو کامیاب ہونے کا موقع نہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی آر کی یوم پیدائش پر یہی کارکنوں کا عزم ہونا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT