Saturday , December 15 2018

جئے وردھنے کے کیریئر کا کامیابی کے ساتھ اختتام

کولمبو ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے کا 17 سالہ ٹسٹ کیریئر ٹیم کی کامیابی کے ساتھ ختم ہوا ہے جیسا کہ یہاں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 105 رنز کی شکست دیتے ہوئے دو مقابلوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔ 37 سالہ جئے وردھنے اپریل میں منعقدہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے چمپیئن بننے کے بعد مختصر ترین کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی ہے جبکہ آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد شدنی ونڈے ورلڈ کپ میں شاید وہ سری لنکا کی آخری مرتبہ نمائندگی کریں گے۔ کولمبو کے سنہا لیسی اسپورٹس کلب (ایس ایس سی) میں 4 ہزار سے زائد مقامی شائقین موجود تھے جن میں سری لنکا کے صدر مہندرا راجہ پکسے بھی موجود تھے جوکہ اپنے ملک کے عظیم بیٹسمین کو الوداع کہنے پہنچے تھے۔ جئے وردھنے دنیا کے ان 5 بیٹسمینوں میں شامل ہیں جنہوں نے ٹسٹ اور ونڈے دونوں طرز کی کرکٹ میں 11 ہزار سے زائد رنز اسکور کئے ہیں جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں سچن تنڈولکر، رکی پونٹنگ، جیک کیالس اور ان کی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی کمار سنگاکارا شامل ہیں۔ جئے وردھنے نے 145 ٹسٹ مقابلوں میں 11,814 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 34 سنچریاں شامل ہیں۔ تاہم آخری ٹسٹ میں رنز نہ بنانے کی وجہ سے ان کا اوسط 50.02 سے 49.84 ہوگیا ہے۔ یہاں آخری ٹسٹ کی دو اننگز میں انہوں نے بالترتیب 4 اور 54رنز اسکور کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT