Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / جئے پال ریڈی پر ہریش راؤ کی تنقید کی مذمت : ملو روی

جئے پال ریڈی پر ہریش راؤ کی تنقید کی مذمت : ملو روی

بے قاعدگیاں اور پراجکٹس کی بدعنوانیوں کے انکشاف حکومت کی بوکھلاہٹ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس کے سینئیر قائد مسٹر ایس جئے پال ریڈی کو ریاستی وزیر ہریش راؤ کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنی اوقات میں رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو روی نے کہا کہ مسٹر ایس جئے پال ریڈی بیسٹ پارلیمنٹرین کا اعزاز رکھتے ہیں اور انہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ناقابل فراموش رول ادا کیا ہے ۔ ملک کی سیاست میں مسٹر جئے پال ریڈی کو عزت و قدر کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ بحیثیت مرکزی وزیر انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کے لیے کئی ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں ۔ حیدرآباد میں میٹرو ٹرین جئے پال ریڈی کا کارنامہ ہے ۔ دریائے کرشنا سے فیس I اور II کے تحت حیدرآباد کو پانی لانے میں اہم رول ادا کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ حصول اراضیات کے معاملے میں ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیاں اور پراجکٹس کی تعمیرات میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کو کانگریس کی جانب سے منظر عام پر لانے کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاستی وزراء کی جانب سے جئے پال ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ ہریش راؤ کو جئے پال ریڈی پر تنقید کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ضلع محبوب نگر میں آبپاشی پراجکٹس کے تعلق سے مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے جو بھی ریمارکس کیے ہیں وہ حق بجانب ہے حقائق کو منظر عام پر لاتے ہی وزراء تلملا اٹھے ہیں ۔ ملنا ساگر کے متاثرین کو قانون حصول اراضیات 2013 کے تحت راحت فراہم کرنے کے بجائے جی او 123 کے تحت معاوضہ فراہم کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو متاثرین سے ملاقات کرنے سے روکا جارہا ہے ۔ دورہ کرنے والے کانگریس قائدین کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔۔
آئی آئی ٹی حیدرآباد کا کل کانوکیشن
حیدرآباد /3 اگست ( سیاست نیوز ) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ( آئی آئی ٹی ) حیدرآباد کا پانچواں سالانہ کانوکیشن 6 اگست کو منعقد ہوگا ۔ جس سے اسرو چیرمین اے ایس کرن کمار خطاب کریں گے ۔ آئی آئی ٹی حیدرآباد بورڈ گورنرس چیرمین بی وی آر موہن جو کریسنٹ کے اگزیکیٹیو چیرمین بھی ہیں کانوکیشن کی صدارت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT