Friday , August 17 2018
Home / شہر کی خبریں / جائیداد ٹیکس کی وصولی مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت

جائیداد ٹیکس کی وصولی مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت

سست رفتاری کے سبب جی ایچ ایم سی کی مالی حالت خستہ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔19فروری (سیاست نیوز) شہر میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کی مہم میں شدت پیدا کی جائے اور ٹیکس بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو احکام جاری کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس کی وصولی کا نشانہ مکمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ اجلاس سے قبل جائیداد ٹیکس کی وصولی کے نشانہ کو مکمل کرنا بلدیہ کے لئے ناگزیر ہے کیونکہ نشانہ کی عدم تکمیل کی صورت میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے بجٹ میں اضافہ کا منصوبہ تیار کرنا دشوار کن ہو جائے گا۔ جی ایچ ایم سی نے جاریہ مالی سال کے دوران 1400 کروڑ روپئے بذریعہ جائیداد ٹیکس وصولی کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن تاحال صرف 931 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں جبکہ 470کروڑ بقایاجات وصول طلب ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے مقرر کردہ نشانہ کے مطابق جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے تعطیل کے دن بھی کام کرتے ہوئے ٹیکس کے سلسلہ میں عوامی شکایات کودور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ جی ایچ ایم سی نے آئندہ 40 یوم کے دوران بغیر کسی تعطیل کے جائیداد ٹیکس کی وصولی کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اتوار کے دن بھی آدھے دن تک خدمات کی انجام دہی کے متعلق غور کیا جا رہاہے تاکہ آئندہ 40دنوں کے دوران نشانہ کی تکمیل کو ممکن بنایا جاسکے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سال گذشتہ ہونے والی ٹیکس وصولی کی بنیاد پر مقرر کئے گئے نشانہ کا حصول ممکن نظر نہیں آرہا ہے کیونکہ سال گذشتہ کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد جی ایچ ایم سی نے منسوخ کرنسی بھی ٹیکس کے لئے وصول کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجہ میں سال گذشتہ نشانہ کی تکمیل کے علاوہ اس سے زائد ٹیکس وصولی کو ممکن بنایا گیا تھا لیکن اب جو صورتحال ہے ان حالات میں اس رفتار میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو خاطر خواہ گرانٹ کی عدم اجرائی اور ٹیکس کی وصولی میں سست رفتاری کے سبب جی ایچ ایم سی کی مالی حالت انتہائی خستہ ہوتی جا رہی ہے لیکن جی ایچ ایم سی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے آئندہ ایک ماہ کے دوران جو جائیداد ٹیکس وصولی کا نشانہ مقرر کیا ہے اس کی تکمیل کیلئے عوامی شعور بیداری مہم چلانے اور جائیداد ٹیکس سے متعلق عوامی شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام میں جائیداد ٹیکس کی بروقت ادائیگی کی دلچسپی پیدا ہو۔

TOPPOPULARRECENT