Wednesday , January 23 2019

جادھو کی بیوی اور ماں کے ویزا کی کارروائی جاری

اسلام آباد ۔ 17ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا کہ ہندوستان کے سزائے موت کے مجرم کلبھوشن جادھو کے خاندان کی جانب سے جادھو سے ملاقات کی اور پاکستان کا ویزا جاری کرنے کی کارروائی جاری ہے ۔ وزارت خارجہ کے دفتر کے ترجمان محمد فیصل نے کل رات اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ 47سالہ جادھو کی والدہ اور اس کی بیوی نے پاکستان کا ویزا اور انسانی بنیادوں پر جادھو سے ملاقات کی درخواستیں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں پر کارروائی جاری ہے ‘ تاہم ویزا کے بارے میں حکومت پاکستان کے رویہ کا انہوں نے انکشاف نہیں کیا ۔ چہارشنبہ کے دن پاکستان نے ہندوستان کی جادھو تک کونسلر رسائی کی درخواست مسترد کردی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ حکومت ہند اپنے ’’ جاسوس ‘‘ کی جمع کی ہوئی اطلاعات تک رسائی چاہتی ہے ۔ بین الاقوامی عدالت انصاف میں جوابی حلف نامہ داخل کرتے ہوئے پاکستان نے کہا تھا کہ ایسی کسی رسائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی جب کہ ویانا کنونشن صرف ملاقاتیوں سے جواز کے بارے میں ہدایت دیتا ہے ۔ جاسوسوں سے ملاقات کے بارے میں نہیں ۔ پاکستان نے کہا تھا کہ جادھو کوئی عام آدمی نہیں ہے وہ ملک میں جاسوسی کے ارادہ سے داخل ہوا تھا اور سبوتاج کی کارروائیوں میں ملوث تھا ۔

TOPPOPULARRECENT