جارڈن،منرو،انگرام اور دیگر کھلاڑیوں کا پاکستان کے دورہ کا اعلان

لاہور۔26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحالی کی کوششیں رنگ لانے لگی ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنیوالے ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر ڈیوائن براوو نے پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا۔ پشاورزلمی کی ٹیم کا حصہ بننے والے انگلینڈ کے آل راونڈ ر کرس جارڈن نے بھی مداحوں کے نام پشتو پیغام میں پاکستان آنے کا اشارہ دے دیا۔ پی ایس ایل 4کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں جگہ بنانے والے براوو نے اپنے ویڈیو پیغام میں فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2006 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان آنے کا موقع مل رہا ہے ، امید ہے کہ اس مرتبہ پاکستان سوپر لیگ کے مقابلے شاندار ہونگے۔ انہوں نے اپنے مشہور گانے چیمپیئنز کے ساتھ کوئٹہ ٹیم کا نام منسلک کرتے ہوئے کچھ بول بھی دہرائے اور پاکستان آکرکھیلنے کی ہری جھنڈی بھی لہرا دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایونٹس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بڑے مسائل میں سے ایک یہ بھی رہا ہے کہ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سمیت بیرونی کرکٹرز نے امارات کے بعد پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا اورٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں خطاب جیتنے میں کامیاب نہیںہوسکی۔ پشاور زلمی کے کپتان ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی کے بعد انگلینڈ کے کرس جارڈن نے بھی مداحوں کو پشتو زبان میں پیغام دے کر خوش کردیا۔ جارڈن نے پشاور زلمی کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ سب خیر و عافیت سے ہوں گے ، پشاور زلمی پی ایس ایل فور کیلئے پوری طرح تیار ہے اور مداحوں کی حمایت سے پی ایس ایل 4 میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔انہوں نے خود کو ’’کرس جارڈن اورکزئی‘‘ کا نام دے کر کہا کہ پشاور زلمی خاندان کا حصہ بننے پر خوشی ہے ، ممکن ہوا تو پشاور میں ملیں گے۔ اس کے ساتھ ہی کراچی کنگز میں شامل نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام نے بھی پاکستان آنے کا اشارہ دیدیا ہے۔ ڈیرن براواور سنیل نارائن سمیت متعدد کرکٹرز پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔ پاکستان سوپر لیگ 4 کا میلہ آئندہ سال14 فروری سے سجے گا۔ پی سی بی اس مرتبہ پلے آف میچز اور فائنل سمیت 8 مقابلے لاہور اور کراچی میں کروانے کا اعلان کرچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT