Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / جامعہ ازہر ہند ’روایتی و عصر ی یونیورسٹی‘ کے قیام کا اعلان

جامعہ ازہر ہند ’روایتی و عصر ی یونیورسٹی‘ کے قیام کا اعلان

نئی دہلی20مئی (سیاست ڈاٹ کام )ملک میں سب کے لئے تعلیم کو عام کرنے کے مقصد سے جامعتہ الازہر ہند کے نام سے روایتی و عصری تعلیمی ادارہ کے قیام کا آج یہاں اعلان کیا گیا۔ اس کے دروازے تمام مذاہب و مسالک کے افراد کے لئے کھلے ہوں گے ۔جامعہ ازہر کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے اس موقع پر بتایا کہ ملک کے تمام طبقات کے درمیان تعلیم کو عام کرنے کی تحریک چلانا اور ملک کے کونے کونے میں روایتی اور عصری تعلیم کے ادارے قائم کرنا اور بالخصوص تعلیمی میدان میں پچھڑ جانے کی وجہ سے پسماندگی کا شکار ہوجانے والے طبقا ت کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا مجوزہ یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ ازہر ہند کوئی روایتی دینی تعلیمی ادارہ نہیں ہوگا بلکہ یہ ایک تعلیمی و اصلاحی، اخلاقی و روحانی ترقی کے ساتھ نئی نسل کو سماجی و معاشرتی ہر اعتبار سے بااختیار بنانے کی تحریک ہے ۔مولانا اظہر مدنی نے بتایا کہ اس ادارہ میں حصول علم کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوگی نیز مسلم ، ہندو، سکھ ، عیسائی، جین ، بدھ ، بہائی سب کے لئے اس کے دروازے کھلے ہیں۔ اس میں سائنس ، ریاضی، اقتصادیات، صحافت جیسے عصری علوم کو دینی اور اخلاقی بنیاد پر پڑھایا جائے گا۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں فاصلاتی کورسیز کا بھی انتظام ہوگا اور اس کا نصاب ہندوستان کی اہم جامعات کے علاوہ عالم اسلام کی چنندہ یونیورسٹیوں اور جامعات کے نصاب کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے اس میں قدیم و جدید کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT