Tuesday , December 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت

جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت

چیرمین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ ، آر اینڈ بی عہدیداروں اور جامعہ کے ذمہ داروں سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 18۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں عصری سہولتوں کے ساتھ آڈیٹوریم کی تعمیر کا جائزہ لینے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج دورہ کیا اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں سے تعمیری سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جنوری تک تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے کیونکہ جنوری میں بانیٔ جامعہ نظامیہ مولانا انواراللہ فاروقیؒ کی عرس تقاریب منائی جائیں گی۔ حکومت نے آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے 14 کروڑ 50 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں اور ابھی تک کنٹراکٹرس کو 4 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی ۔ کام کی تکمیل کے ساتھ رقم جاری کی جارہی ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے آج ایک کروڑ 27 ہزار روپئے آر اینڈ بی کو جاری کئے گئے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے جامعہ نظامیہ پہنچتے ہی بانی جامعہ نظامیہ کی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ بعد میں انہوں نے شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد کے ہمراہ آڈیٹوریم کا معائنہ کیا۔ آڈیٹوریم کی دو منزلہ چھت کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اندرونی کام ابھی باقی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے سست رفتار کاموں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوری تک آڈیٹوریم کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور وہ اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے اب تک جس قدر رقم جاری کی گئی ہے، تعمیری کام اتنا مکمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے آر اینڈ بی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کام میں تیزی پیدا کریں تاکہ جنوری میں چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم میں تمام تر عصری سہولتیں حاصل رہیں گی اور یہ آڈیٹوریم شہر کا ایک منفرد مرکز رہے گا۔ آڈیٹوریم کے باب الداخلہ پر خوبصورت کمان تعمیر کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے جنوبی ہند کی اس عظیم درسگاہ کی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے جامعہ نظامیہ کے اسناد کو عثمانیہ یونیورسٹی کی ڈگری کے مماثل قرار دینے کا تاریخی قدم اٹھایا ہے ۔ اسناد کو عثمانیہ یونیورسٹی کی مسلمہ حیثیت سے جامعہ نظامیہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ دیگر عصری کورسس میں داخلہ کے اہل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم شخصیتوں نے جامعہ نظامیہ میں تعلیم حاصل کی ، جن میں سابق چیف منسٹر بورگل رام کرشنا راؤ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ کے ہزاروں فارغین دنیا بھر میں دین کی اشاعت کا کام انجام دے رہے ہیں۔ شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد نے آڈیٹوریم کی تعمیر پر حکومت سے اظہار تشکر کیا اور صدرنشین وقف بورڈ کو جامعہ نظامیہ کی خدمات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی ، معتمد جامعہ نظامیہ احمد علی اور دیگر افراد موجود تھے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ کے سی آر اقلیت دوست چیف منسٹر ہیں اور انہوں نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں، اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی سے چیف منسٹر کو خصوصی دلچسپی ہے اور گزشتہ تین برسوں میں کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT