Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / جاناریڈی سے اظہارناراضگی، اتم کمار ریڈی کا استعفیٰ مسترد

جاناریڈی سے اظہارناراضگی، اتم کمار ریڈی کا استعفیٰ مسترد

جی ایچ ایم سی میں کانگریس کی ناکامی کا جائزہ، ڈگ وجئے سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 فبروری(سیاست نیوز) جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی ڈگ وجئے سنگھ نے جاناریڈی پر جہاں ناراضگی کا اظہار کیا، وہیں کیپٹن اتم کمار ریڈی کے استعفیٰ کو مسترد کردیا۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں کانگریس کے ناقص مظاہرے کا جب ڈگ وجئے سنگھ جائزہ لے رہے تھے تب حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی کے کئی کانگریس قائدین نے قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی کے خلاف شکایت کرتے ہوئے انہیں قائد اپوزیشن کے عہدے سے ہٹا دینے کا مطالبہ کیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے قائدین نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں مسٹر کے جاناریڈی نے صرف برائے نام انتخابی مہم میں حصہ لیا اور انتخابی مہم کے دوران سی ایل پی آفس اسمبلی میں حکومت کے 5 روپئے میں کھانے کی تعریف کی، جس سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ جب قائد اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی تعریف کی جارہی ہے تو کانگریس کے امیدواروں کو عوام کیوں ترجیح دیں گے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جاناریڈی کے ان ریمارکس پر تشویش کا اظہار کیا اور اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ضلع رنگاریڈی کے کانگریس قائدین نے ضلع کانگریس پارٹی کے صدر مسٹر ملیش کے استعفیٰ کو قبول نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہیں صدارت پر برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہیکہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ناقص مظاہرے پر اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مسٹر ڈی ناگیندر نے استعفیٰ پیش کردیا تھا جبکہ کانگریس ہائی کمان نے ضلع رنگاریڈی کانگریس کے صدر مسٹر ملیش سے استعفیٰ طلب کرلیا تھا۔ ڈگ وجئے سنگھ نے ناگیندر اور ملیش کے استعفیٰ قبول کرلئے ہیں۔ تاہم صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے استعفیٰ کو ہنوز قبول نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس پر ابھی کوئی قطعی فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ڈگ وجئے سنگھ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہیں پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے بلکہ مخالفتوں کی پرواہ کئے بغیر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے کی انہیں ہدایت دے چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT