Sunday , December 17 2017
Home / عرب دنیا / جان کیری کی اماراتی ولیعہد سے اہم بات چیت

جان کیری کی اماراتی ولیعہد سے اہم بات چیت

ابوظہبی ۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ چہارشنبہ کی شام متحدہ عرب امارات کے صدر مقام ابو ظہبی پہنچے جہاں انہوں نے امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں دوست ملکوں میں اسٹریٹیجک تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید آل نھیان، وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ امریکی وزیرخارجہ اور اماراتی حکام کے درمیان بات چیت میں شام، عراق، یمن، لیبیا اور دیگر علاقائی اور عالمی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کے فروغ اور عرب خطے میں دیر پاقیام امن کے لیے مساعی جاری رکھنے سے بی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اماراتی ولی عہد کے پرنسپل سیکرٹری محمد مبارک المزروعی اور ابو ظہبی میں متعین امریکی خاتون سفیر باربرا لیو بھی موجود تھیں۔

TOPPOPULARRECENT